
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا تو امریکا
سخت اور بھرپور ردعمل دے گا۔ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران اگر مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو پہلے ہی واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ ماضی کی طرح اگر لوگوں کا خون بہایا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
میزبان کی جانب سے مظاہروں کے دوران درجنوں افراد کی ہلاکتوں کا ذکر کیے جانے پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض اموات بھگدڑ یا دیگر وجوہات کی بنا پر بھی ہو سکتی ہیں اور ضروری نہیں کہ تمام ہلاکتیں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کا نتیجہ ہوں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہر موت کا الزام کسی ایک فریق پر نہیں ڈالا جا سکتالیکن ایران کو سختی سے متنبہ کر دیا گیا ہے کہ مظاہرین کے قتل کا سلسلہ جاری رہا تو اسے بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
ایران میں حکومت مخالف مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، ’’آپ آزادی کے لیے کھڑے ہیں اور آپ نہایت بہادر لوگ ہیں۔ یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ آپ کے ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہےحالانکہ ایران کبھی ایک عظیم ملک تھا۔‘‘
واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ بارہ دنوں سے مہنگائی اور ملکی کرنسی کی قدر میں شدید کمی کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے، جس کے دوران درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس سے قبل بھی امریکا ایران کو مظاہرین کے خلاف تشدد سے باز رہنے کی تنبیہ کر چکا ہے۔





































