
اسلام آباد : وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک میں ایک مخصوص طبقے کو سستی بجلی، گیس اور ٹیکس میں خصوصی
چھوٹ دینے کا عمل بند ہونا چاہیے، کیونکہ اس طرزِ عمل سے معاشی عدم توازن مزید بڑھ رہا ہے۔
پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار خوشحالی کا واحد راستہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہے۔ ان کے مطابق معیشت اس وقت ہی مضبوط ہو سکتی ہے، جب وسائل کا منصفانہ استعمال کیا جائے اور مراعات چند ہاتھوں تک محدود نہ رہیں۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے زور دیا کہ حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے ،جب ہر شہری کو کام کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں خوشحالی کا راستہ اب محنت اور صلاحیت کے بجائے طاقت اور اثر و رسوخ تک رسائی بن چکا ہےجسے تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔





































