
تہران : ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے مقابلے میں ایران آج کہیں زیادہ مضبوط
اور طاقتور پوزیشن میں ہے.
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا کہ 2025 میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ ایرانی مسلح افواج کے لیے ایک منفرد اور غیر معمولی تجربہ ثابت ہوئی، انہوں نے کہا کہ ایران دنیا کا واحد ملک ہے جس نے مغربی ٹیکنالوجی اور بھرپور عالمی حمایت سے لیس اسرائیل کے ساتھ اس سطح پر براہِ راست محاذ آرائی کی۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق امیر حاتمی نے کہا کہ 12 روزہ جنگ کے بعد گزشتہ چھ ماہ کے دوران کی گئی عسکری تیاریوں نے ایران کو اسرائیل اور امریکا کی جانب سے لاحق خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت فراہم کر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں پر شدید اور تباہ کن حملے کیے تھے، جبکہ ایران نے بھی مسلسل جوابی کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں اسرائیل کے متعدد مقامات کو نقصان پہنچا۔ اس دوران امریکا نے بھی ایران کے اندر تین فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔





































