
اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید 33افراد کی موت واقع ہوئی ہے،جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 969
ہو گئی ہے جبکہ مزید 1198 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں،نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 44996 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 345 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 299اور پنجاب میں 273افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 38، اسلام آباد 9، گلگت بلتستان میں 4اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کل400،292ٹیسٹ کئے گئے ہیں،جبکہ489 12مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں منگل کو کورونا کے مزید 706 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 19 افراد انتقال کرگئے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ نے کی۔
مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3803 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 706 نئے مریض سامنے آئے جبکہ پچھلے 24گھنٹوں میں 19 مریض انتقال کر گئے۔
اس طرح صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 17947 اور ہلاکتیں 299 ہوگئی ہیں۔وزیراعلی نے بتایا کہ19 مارچ کو کورونا سے پہلی ہلاکت ہوئی اور آج اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 252 مریض صحتیاب ہوئے جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4741ہے۔خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 11افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 345ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مزید 324کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 6554ہوچکی ہے۔کے پی میں 2058 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا کے مزید 128 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت ہوئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 2820 ہوگئی ہے جبکہ 38افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ 524 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسے کورونا وائرس کے مزید 37کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1034ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 9ہے۔





































