اسلام آباد(تعلیم ڈیسک) وفاقی نظامت تعلیمات نے اسکولوں کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ہفتہ کے
روز کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے۔ وفاقی نظامت تعلیمات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں 6 روز ورکنگ ڈے ہوں گے۔ اسکول صبح 8 بجکر 30 منٹ لگے گا اور ایک بجکر 30 منٹ پر چھٹی ہو گی۔
جمعہ کو چھٹی 12 بجکر 30 منٹ پر ہو گی۔ بریک 10 منٹ کی ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جن اسکولوں میں شام کی شفٹ ہے وہاں شام کو اسکول ایک بجکر 45 منٹ پر لگے گا اور 6 بجکر 45 منٹ پر چھٹی ہو گی۔ جمعہ کے روز اسکول 2بجکر 30 منٹ پر لگے گا اور 6 بجکر 30 منٹ پر چھٹی ہو گی۔ پہلا پیریڈ 50 منٹ کا جبکہ باقی پیریڈ 40 منٹ کے ہوں گے۔ کورونا کی وجہ سے بند ہونے والے اسکول18 جنوری سے مرحلہ وار کھلیں گے۔