
کراچی ( نمائندہ رنگ نو ):صدرہمدردفائونڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد نےکہا ہےکہ طلباء شہید حکیم محمد سعید کے قول:’’وقت اللہ کی امانت
ہے،اس کا صحیح استعمال عبادت ہے کو اپنائیں اور وقت کی قدر کریں۔نصاب کےعلاوہ بھی اخبارات اور دیگر معلوماتی کتب کا مطالعہ اپنی عادت بنائیں۔
انہوں نے یہ بات ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ارینا ہال بحریہ ٹاؤن ٹاورمیں شہیدحکیم محمد سعید میموریل اسکالر شپ -2024 کی تقسیم چیک و اسناد کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں معروف سماجی ورکر انصار برنی بہ طور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اُن کے ہمراہ اُن کی ذوجہ شاہین انصار برنی اورہمدرد فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان بھی موجود تھے۔
محترمہ سعدیہ راشد نے کہاکہ آپ کی انفرادی اور سماج کی فلاح و بہبود، کامیابی و کامرانی کی اگر کوئی چیز حقیقی ضامن اور اصلہ ذریعہ بن سکتی ہے تو وہ علم ہے۔اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ آپ کو اپنے بزرگوں کی عزت و تعظیم کرنی چاہیےاس سے اللہ پاک بلند مقام عطا کرتے ہیں۔ آپ سب کو وقت پر سونا چاہیے اور صبح سویرے اٹھنے کی عادت اپنانی چاہیے۔ اس عادت سے آپ کو اپنے کام کرنے کا زیادہ وقت ملے گا، مزید براں آپ کی صحت بھی اچھی رہے گی۔ اسمارٹ فون کو ہر وقت استعمال نہ کریں۔
انصار برنی نے کہاکہ آج کی تقریب کے اصل مہمانان خصوصی یہاں موجود وہ طلبہ ہیں جنہوں نے تعلیمی میدان میں اعلا کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا۔ علم مومن کی میراث ہے اور نونہالوں کو اپنی تعلیم پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کیوں کہ آپ سب شہید حکیم محمد سعید کے افکار کی روشنی میں ملک و ملت کے مستقبل کے معمار ہیں
رواں سال ۲۰۲۴ء میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سےتعلیمی میدان میں نمایاں و امتیازی نمبرز لینے پرملک بھر کے ۲۵۰ سے زائدم یٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ کے درمیان اُن کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک کروڑروپےسے زائد کے نقد وظائف تقسیم کیے گئے ہیں۔ تقریب کے دوران میٹرک کےہر طالب علم کو پچیس ہزار روپے نقد اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو پچاس ہزار روپے نقد دئیے گئے۔





































