
کراچی ( تعلیم ڈیسک)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے ضمنی امتحانات برائے 2023
بروز پیر 15جنوری 2024ءسے شروع ہورہے ہیں۔
ان امتحانات میں 24 ہزار 609 طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔ قائم مقام ناظم امتحانات زاہد رشید بتایا کہ 6 فروری 2024ءتک جاری رہنے والے ضمنی امتحانات برائے 2023ءمیں سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے۔
شام کی شفٹ میں دوپہر 2بجے سے شام 5 بجے تک ہونے والے پرچوں میں 24ہزار 609 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔ انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2023ءکیلئے مجموعی طور پر47 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ قائم مقام ناظم امتحانات زاہد رشید نے بتایا کہ شفاف امتحانات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد اور طلباءکی سہولت کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ،یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، سیکریٹری کالجز ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، کمشنر کراچی، ڈائریکٹر جنرل رینجرز، آئی جی پولیس اورکے الیکٹرک کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں تاکہ امتحانات کے دوران امن و امان، امتحانی مراکز کی سیکیورٹی اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔





































