
سکھر (تعلیم ٖڈیسک) آئی بی اے سکھر یونیورسٹی نے ایم ڈی کیٹ 2025ء کے حتمی نتائج جاری کر دیے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر
آصف شیخ کے مطابق نتائج سے متعلق تقریباً دو ہزار ای میلز موصول ہوئیں، تاہم نتائج میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
حتمی نتائج کے مطابق ایم بی بی ایس کے 56 فیصد امیدوار ٹیسٹ میں ناکام ہوئے، جبکہ بی ڈی ایس کے 48 فیصد امیدوار کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق 14 ہزار 300 امیدوار ایم بی بی ایس کے لیے 55 فیصد (99 نمبر) یا اس سے زائد نمبر لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 17 ہزار 123 امیدواروں نے 50 فیصد (90 نمبر) یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے۔
ایم ڈی کیٹ 2025ء میں کراچی ضلعِ غربی کے سید محمود خان ولد عدالت خان نے 180 میں سے 175 نمبر حاصل کر کے پہلا مقام حاصل کیا۔
دوسرے نمبر پر کورنگی کراچی کے فیصل اشرف خان ولد نوید اشرف خان اور ضلع قمبر شہداد کوٹ کے شیراز حسین ولد نیاز حسین مغیری رہے، جنہوں نے 174 نمبر حاصل کیے۔
جبکہ تیسرا مقام شرقی کراچی کے محمد ریان ہمایوں ولد ہمایوں فاروق، کورنگی کی ماہ نور شاہنواز بنتِ سید شاہنواز حسین اور حیدرآباد کی حرا عابد بنتِ عابد علی سیہتو نے 173 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر حاصل کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاپ 10 پوزیشنز میں 124 امیدوار شامل ہیں، جن میں سے 41 امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔




































