
کراچی( تعلیم ڈیسک ) محکمۂ تعلیم سندھ نے موسمِ سرما کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نجی اسکولوں کو ہدایت جاری
کی ہے کہ وہ بچوں کو کسی مخصوص رنگ یا ڈیزائن کے سوئیٹر یا جیکٹ پہننے پر مجبور نہ کریں۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے اس حوالے سے صوبے کے تمام نجی اسکولوں کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز رفیعہ جاوید کے مطابق اب بچے سردی میں اپنی سہولت اور پسند کے مطابق کوئی بھی جیکٹ یا گرم لباس پہن سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی اسکول اس حکم کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا کہ بچوں کی صحت، سہولت اور حفاظت سب سے اہم ہیں، اسی لیے موسمِ سرما میں طلبہ کو کسی بھی رنگ اور ڈیزائن کی جیکٹ پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے غیر ضروری لباس کی پابندیاں قابلِ قبول نہیں۔
حکام کے مطابق بعض اسکولوں میں بچوں پر مخصوص رنگ کے سوئیٹر پہننے کی سختی کی جاتی تھی، جس سے والدین اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔ اس فیصلے کا مقصد انہی غیر ضروری پابندیوں کا خاتمہ اور بچوں کو زیادہ آرام اور آزادی فراہم کرنا ہے۔




































