
افروز عنایت
آج ستائیسویں شب قدرکی معتبر اورمبارک رات ہے،فضائیں بھی معطر،ہرآنگن میں گویا نور بکھرا ہوا ہو ، تربیت نفس کا کورس
آخری لمحات کو چھورہا ہے۔ چند دن اور باقی ہیں، صرف چند دن ۔۔۔ دل نے سرگوشی کی ،ذہن کو جھنجھوڑا ، نفس کو ٹٹولا ، کچھ اس مشقت سے ہاتھ آیایا دامن خالی رہا ۔رب کو راضی کیا تونے،آخرت کے سفر کے لئے کچھ مال ہاتھ آیایا یوں ہی سرگرداں پھرتا رہا ، صرف سند حاصل کی یا یا من کو بھی شاداب کیا؟
باہر سے کہیں دور سے مسجد سےآواز آئی،الوداع الوداع ماہ رمضان --نہیں،نہیں اس حسین مبارک مہینے کوالوداع نہیں۔اس کی معتبر مبارک گھڑیوں میں تو زنگ لگے نفس کو صاف کرنے کا موقع ملا تھا ۔نم آنکھوں کو کھول کر اپنا جائزہ لیا ۔ کیا میرے نفس پر لگا زنگ دور ہوا؟ دل پر لگی گندگی کی تہہ چھٹ گئی۔ دنیا کی ہوس سے باہر نکلا ۔ میرے ہاتھ تو خالی ہیں۔
دل نے سرگوشی کی ،نا امید نہ ہو ابھی بھی وقت ہےتیرےہاتھ میں۔منالےاپنےرب کوسمیٹ لے آخرت کی آسائشوں کوجوتیرےابدی گھرکوروشن کریں گی۔نہ جانے اگلا سال ملے نہ ملے تجھے جو سمیٹنا ہے سمیٹ لے اپنے رب کو منا لے جنت کی کنجی حاصل کر ۔تیرے رب نے تو یہ دسترخوان سجایا ہی تزکیہ نفس کے لئے ہے ،من کی آب بیاری کے لئے ،تیری آخرت کے اجالے کے لئے۔ اگرچہ دل ناتواں سست ہو رہا تھا ۔۔۔ کہا ابھی تو ساری رات باقی ہے۔۔۔ تھوڑی دیر سستا لوں پھر اٹھ کر تہجد پڑھوں ،دل سے آواز آئی پھر بہک رہا ہے اٹھ کمر باندھ ان لمحوں میں چھپے خزانوں کو اپنے دامن میں سمیٹ لے ۔۔۔پھر یہ وقت تجھے ملے نا ملے دیر نہ کر اپنےرب کے ان چھپے انعامات و برکات کو سمیٹنےکےلئےیہ قیمتی راتیں ہیں جو تیری مغفرت اور بخشش کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔
سربسجود ہوا تو اپنے رب کی محبت میں آنسوؤں کا ایک سیلاب تھا اور لبوں پر سرگوشیاں اور اپنی خطاؤں پر شرمندگی کےآنسو جو اس کے ویران دل کو دھو رہی تھی میل اترتا گیا ۔دل سے آواز اٹھی اے میرے اللہ میرے گنہگار نفس کو پاکیزگی عطا فرما، مجھے ہمیشہ اپنی چوکھٹ پر اسی طرح سربسجود حاضری کی توفیق عطا فرمانا جوخطائیں سرزد ہوئیں انہیں معاف کر دے ۔بیشک تیرا دربار تو ہمیشہ استغفار کے لئے کھلا رہتا ہےاوریہ راتیں تو ہم خطاکاروں کے زنگ آلود دلوں کو پاک کرنے کا ذریعہ ہیں ۔




































