
افروز عنایت
الحمداللہ ماہ رمضان المبارک امت مسلمہ کے لیے باعث رحمت وباعث تسکین ہے لیکن اس کاآخری عشرہ امت مسلمہ کے لئے رب العالمین کی طرف سے ایک
بڑا انعام ہے کیونکہ اس عشرہ مبارک کی طاق راتوں میں سے کسی ایک رات میں قرآن پاک نازل فرمایا گیا۔ سورہ لیلتہ القدر میں اللہ پاک فرماتے ہیں کہ ہم نے اس کو شب قدر میں اتارا ہے۔اس آیت ربانی سے ظاہر ہے کہ قرآن کریم شب قدر میں اترا ہے۔ قرآن پاک جو اعجازہے، تمام الہامی کتب کی سردار ہے ،اس کی اہمیت سے ہر مسلمان واقف ہےلہٰذا جس عشرہ مبارک میں یہ اتارا گیا ہے اس کی کیا اہمیت ہوگی؟؟ سبحان الله۔
الله رب العزت کی یہ بھی مصلحت وحکمت ہےکہ اس ایک رات کوان دس دنوں میں پوشیدہ رکھ کرصرف اتنا کہا گیا ہے کہ اس آخری عشرہ کی طاق راتوں میں اسے تلاش کرو،لہٰذا امت مسلمہ ان تمام طاق راتوں کو اہمیت دیتے ہیں۔ رب العالمین کےآگے سر بسجود ہوکر اپنی آخرت کے لیے سامان جمع کرتے ہیں جیسا کہ آپ کی حدیث مبارکہ سے واضح ہے کہ آپ نے فرمایا کہ جو شخص شب قدر سے بد نصیب رہا وہ ساری بھلائیوں سے محروم رہا(مفہوم حدیث) ان راتوں کی عبادات و نیکیوں سے اپنی ذات کو محروم رکھنا گویا اپنی ذات پر ظلم کرنے کے مترادف ہے۔
کیوں کہ ان ہی راتوں میں سے کوئی ایک رات یقیناً ایسی ہےجس میں قرآن پاک نازل ہوا، یعنی اس ایک رات کی تلاش میں انسان کتنا بڑا خزانہ اپنے دامن میں سمیٹ لے گا اور اللہ کے بندے اس نیکیوں کی حرص میں ان راتوں کی عبادات سے اپنے آپ کو محروم نہیں رکھتے۔ سبحان الله یہ بھی میرے اللہ کی امت مسلمہ سے محبت کا ثبوت ہے کہ وہ ہر صورت میں ہمیں جہنم کی آگ سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے جیسا کہ حدیث مبارکہ میں آیا ہے کہ رمضان المبارک ایسا برکتوں والا مہینہ ہے کہ اس کے اول حصے میں اللہ رب العزت کی رحمت ہوتی ہے اور درمیان کے حصے میں بندوں کے گناہ بخشے جاتے ہیں اور آخرکے حصے میں بندوں کو دوزخ سے بالکل چھٹکاراہوجاتا ہے،یعنی میرے رب نے امت مسلمہ کے لیے اپنی رحمتوں کےلیے سب در کھولے ہوئے ہیں کہ اگر تم نے گناہ کیے ہیں تو توبہ کرلو میں بخش دوںگا یہی نہیں بلکہ آخرت کو سنوارنے کے لیے بھی میں تمہیں موقعہ دے رہا ہوں کہ خوب سے خوب سمیٹ لو اور آخرت کا سکھ آرام حاصل کرلو، اس جنت کو حاصل کر لو جو میرے رب نے اپنے پرہیز گار بندوں کے لیے مخصوص کی ہے۔
جی ہاں پرہیز گاروں کےلیےلہٰذا اس ماہ رمضان اور اسےآخری عشرہ سے اپنےنفس کی تربیت کا سامان بھی سمیٹ لینا بھی ضروری امر ہے ۔ اللہ رب العزت ہمیں اپنے ان پسندیدہ بندوں میں شامل کر ے جن سےوہ راضی ہو گا۔ یہی میرے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خواہش و تمنا بھی ہےپھر کیوں نہ ہم ان قیمتی لمحوں سے بھرپور فیض حاصل کر لیں ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین




































