
( بچوں کی کہانی کےمقابلےمیں اول پوزیشن حاصل کرنے والی کہانی )
افروز عنایت/ کراچی
زلیخا : زاہد کےابا ضد نہ کر۔۔۔ توکیسے جائےگا کام پر تجھ سے تو چلا بھی نہیں جارہا ہے۔ کیسے تجھ سے اب مزدوری ہوگی ۔
شوکت !- کچھ نہ کچھ تو کرنا پڑے گا نیک بخت، گھر میں جو کچھ تھا کھانے پینے کی چیزیں ختم ہوچکی ہیں اور زاہد کی پڑھائی، کتنے خواب دیکھے تھے ہم نے اسے بھی کتنا شوق ہے پڑھنے کا لیکن اب کیا ہوگا۔
زلیخا !-- ہم جیسوں کے بچوں کو دو وقت کی پیٹ بھر کر روٹی مل جائے تو بڑی بات ہے ۔پڑھائی وڑھائی ہمارے بچوں کے لئے نہیں ۔ ویسے نسیمہ خالہ تو چار پانچ دن سے کہہ رہی ہے ،اچھے نیک لوگ ہیں ان کے گھر کی صفائی ستھرائی کا کام ہے ،میں نے تو سوچا ہے آج خالہ کے ساتھ چلی جاتی ہوں پیٹ بھرنے کے لئے روکھی سوکھی تو مل جائے گی آپ کا کیا خیال ہے ؟۔
شوکت ایک بڑے حادثے میں اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہو چکا تھا،لہٰذا ناچاہتےہوئےبھی مجبوراً شوکت کو زلیخا کو کام پرجانے کی اجازت دیناپڑی ۔
اس طرح زلیخا نے ثمینہ باجی کے گھر میں کام کرنا شروع کر دیا، کچھ رقم باجی سےاس نےایڈوانس لےکرزاہد کی اسکول کی فیس بھی دے دی۔
صبح سے دوپہر تک وہ ثمینہ باجی کے گھر کے سارے کام نمٹا کر گھر واپس آتی تو اس کےہاتھ میں ثمینہ باجی کا دیا ہوا کھانا بھی ہوتا۔ اس طرح جیسے تیسے گزر بسر ہوئی رہی تھی۔
زاہد کی جس دن اسکول کی چھٹی ہوتی تو وہ اسے بھی کام پرلےجاتی۔وہ ماں کے ساتھ چھوٹےموٹے کام میں ہاتھ بھی بٹوانےلگا تھا ۔یاپھرسامنے بیٹھ کر ثمینہ باجی کے بچوں کو دیکھتا جو کبھی کھیلتے تھے اور کبھی اسکول کا ہوم ورک کرتے ،وہ انہیں شوق سےپڑھائی کرتے دیکھتا ۔ ثمینہ کی بڑی بیٹی نزہت جو کالج میں پڑھتی تھی اسے جب پتا چلا کہ وہ چوتھی کلاس میں پڑھتا ہے تو وہ بڑی حیران ہوئی۔
نزہت !--تم پڑھتےہو واہ بھئی واہ ،اچھی بات ہے،ہاں اگرکبھی کوئی مشکل ہو تو کتابیں لےکرآنا میں تمہیں سمجھا دوں گی۔
زاہد ایک ذہین اورمحنتی بچہ تھا اسے پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بننے کا شوق تھا، ثمینہ کی بیٹی نزہت کی مدد سے وہ پڑھائی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے لگا بلکہ اب تو اسے پڑھائی میں اگر کچھ مشکل پیش آتی تو شام کے وقت بھی آکر نزہت باجی سے پوچھ لیتا ۔ اس طرح زاہد نے میٹرک کا امتحان اے گریڈ میں پاس کر لیا، جس پر اس پڑوس والے بھی حیران تھے ۔اب توآگے پڑھنا اس کا خواب تھا ،وہ کافی سمجھدار ہوچکا تھا ،اس لئے چاہتا تھا کہ پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنے اور اپنےماں باپ اور دونوں چھوٹے بھائی بہن کو خوشیاں دے لیکن ابا کی بے بسی اور اماں کےہاتھوں کی جھریاں اور اس کے چہرے کی تھکن اسے بے چین کردیتی۔ اس نے اپنے وجود کا جائزہ لیا اب وہ بچہ نہ تھاجوانی کی منزل پر قدم رکھ چکا تھا۔کیا میں اس کڑے وقت میں ماں کا بوجھ کم نہیں کرسکتا ؟یہی سوچ اسے بے چین کردیتی ۔
وہ بستر پر لیٹا مستقبل کےلئےتانےبانےبن رہا تھا کہ اسےاماں کی بات یاد آگئی،وہ کل ابا سے کہہ رہی تھی کہ ثمینہ باجی کے شوہرکو اپنے بڑے میڈیکل اسٹور کے لئے ایک کم از کم میٹرک پاس ایماندارمددگار(سیلز مین )کی ضرورت ہے جو اس کا ہاتھ بٹا سکے ۔
بابا کی بیماری ،اماں کا گھروں میں جاکر کام کرنا ،یہ سب اس کے لئے تکلیف دہ تھا ،وہ بستر پر کروٹیں بدلتا رہا ،اب وہ چھوٹا بچہ نہیں تھا کہ اسے ماں باپ کی تکلیف اور پریشانی کا احساس نہ ہو ۔اماں نے تو زائد کمائی کے لئے اب شام کے وقت بھی ایک گھر کی صفائی ستھرائی کا کام شروع کر دیا تھا ۔
میری زندگی کا اصل مقصد بڑا آدمی بننا ہےیا ماں باپ کو سکھ دینا؟؟
مسجد میں جس مولانا صاحب کےپاس وہ قرآن پڑھنےجاتا تھاان کی بات اسےیاد آگئی کہ آخرت میں تو وہی کامیاب ہوگا جس نے دنیا میں اپنے والدین کو آرام پہنچایا۔مولانا صاحب کا والدین کی خدمت کے بارے میں بیان اس کے کانوں میں گونج رہا تھا ۔اس کا دل بھی یہی کہہ رہا تھا کہ اب مجھے اللہ نے یہ موقع دیا ہے کہ اب میں اپنے والدین کو آرام پہنچاؤں اور آخرت کی کامیابی حاصل کروں۔ قسمت میں بڑا آدمی بننا ہوگا تو بن ہی جاؤں گا لیکن یہی وقت ہے اماں بابا کی خدمت کرنے اور انہیں آرام پہنچانے کا ۔ دل کے فیصلے پر اسے سکون محسوس ہوا ۔
اماں نے اس کے فیصلے کی سخت مخالفت کی لیکن اس نے ماں سے وعدہ کیا کہ وہ پرائیویٹ طور پر اپنی تعلیم جاری رکھےگا۔اس کے دل کے اس فیصلے نے اس کی آخرت کے ساتھ اس کی دنیا بھی بدل دی ۔
اماں اگرچہ اسے ملازمت کرنے پرمنع کررہی تھی لیکن حقیقت میں وہ بھی اب تھک چکی تھی اور بیوی کی حالت دیکھ کر شوکت کو بھی شرمندگی محسوس ہورہی تھی لہٰذا بیٹے کے فیصلے پر انہوں نے مجبوراً ہامی بھر لی۔ دوسری طرف زاہد اپنی پڑھائی سے بھی غافل نہ تھا ،اس نے اپنی کوشش جاری رکھی ، ثمینہ باجی کے شوہر بھی ا س کی ایمان داری اور محنت کی وجہ سے ا س کی قدر کرتے تھے ،اس کی تنخواہ میں بھی دگنا اضافہ ہو چکا تھا۔اسٹور کی ملازمت کے ساتھ ساتھ اس نے اپنی تعلیم بھی جاری رکھی۔ گھر کے حالات پہلے سے قدرے بہتر ہوچکے تھے ۔دونوں چھوٹے بھائی بہن بھی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
ماں باپ کی دعاؤں کے سائے میں وقت آگے کی طرف رواں دواں تھا ،ماسٹرز مکمل کرنے پر اس نےچاہا کہ کہیں اورملازمت کرے۔
نزہت باجی کے شوہر ابرار صاحب کو بھی اپنے بڑے کاروبار کے لئے زاہد جیسے منیجر کی سخت ضرورت تھی اور اس معیار پر زاہد ہی پورا اترتا تھا ،زاہد کے لئے بھی آگے بڑھنے کا یہ بہترین موقع تھا ۔آج زاہد اور اس کے والدین کا خواب پورا ہوچکا تھا ۔وہ اب ابرار صاحب کے دفتر میں منیجرکے فرائض ادا کر رہا تھا ۔




































