
افروزعنایت
نازیہ !-- شعیب اٹھو بیٹا فجر کا وقت نکل جائےگا پھرعید کی نماز کے لئے بھی تیاری کرنی ہے۔
شعیب !-- مما پلیزسونے دیں نا ،پورارمضان تو فجر کی نماز پڑھی ہے ،بہت نیندآرہی ہے۔عید کی نماز کے لیے اٹھا دیجئے گا -
یہ کہہ کر شعیب دوبارہ سو گیا۔
نازیہ اپنی اٹھارہ سالہ بیٹی نورین کےکمرے میں آئی،نورین نےپورارمضان نہ صرف روزے رکھے بلکہ فرض نمازوں کے ساتھ ساتھ تہجد اور نوافل کی ادائیگی بھی کی لیکن آج وہ بھی تہجد کے لیے نہیں اٹھی اور اب تو فجر کا وقت بھی نکلنے والا تھا ۔
نازیہ !-- بیٹا اٹھو نماز پڑھ لو ،کتنی اچھی عادت ہوگئی تھی تمہاری ،تہجد پھر فجر،اب تو یہ عادت پختہ ہو جانی چاہیے تھی ۔
نورین!--(آنکھیں مسلتی ہوئی) اوہو مما آپ نے اٹھایا کیوں نہیں۔
نورین نماز فجرپڑھ کر لاؤنچ میں آئی تودادی اوربابا کودیکھ کرانہیں سلام کیا۔مما کےزبردستی اٹھانےپرشعیب اٹھ تو گیا تھالیکن اب فجرکاوقت نکل چکا تھا ۔تیرہ سالہ شعیب کو نماز نہ پڑھنے کا افسوس ضرور تھا ،جسے محسوس کرکے دادی نے اسے کہا بیٹا یہی تو اس مہینے کی ریاضت اور برکت ہے۔ آج نماز فرض کی ادائیگی نہ کرنے پر تمہیں افسوس ہورہا ہےجو ایک مثبت سوچ ہے ۔ان شاءاللہ کل سے ضرور فجر کی ادائیگی کرنا اور اس مہینے کی ریاضت اور تربیت کو ضائع نہ ہونے دینا ۔
رمضان المبارک کے بعد مذکورہ صورت حال اکثروبیشتر نظرآتی ہےکہ لوگ پورامہینہ فرائض کی ادائیگی کےساتھ ساتھ نوافل اور دوسری نیکیاں کرنے میں ڈٹ جاتے ہیں لیکن رمضان المبارک کے ختم ہوتے ہی اپنی پرانی روش پر آ جاتے ہیں، بہت کم لوگ اس ماہ مبارک کی ریاضت اور تربیت سے اس طرح مستفید ہوتے ہیں کہ وہ اسے اپنی زندگی کا حصہ بنا لیتے ہیں ،یہی اس ماہ مبارک کا مقصد ہے ۔تزکیہ نفس یعنی اپنے نفس کو پاکیزگی سے آراستہ کرنا جس سے دنیا و آخرت سنور سکتی ہے ۔لہٰذا رمضان المبارک کے معمولات کو جاری رکھنے کی کوشش ضرور کرنی چاہیے ۔
ماہ رمضان میں مساجد نمازیوں سے بھری ہوتی ہیں جس میں بوڑھے،بچوں اورجوانوں کی کثیر تعداد دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ واقعی پاکستان اسلامی ملک ہے ۔کاش کہ سارا سال یہ روح پرور مناظر دیکھنے کو ملیں۔آمین
خصوصا اپنی اولاد کو اس کا احساس ضرور دلوائیں تاکہ وہ اس چیز سے غافل نہ ہوں اور جس طرح خواتین ومردحضرات خشوع وخضوع کےساتھ تلاوت قرآن پاک کرتے ہیں سارا سال یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔اسی طرح سارا سال دوسری نیکیاں کرنے سے بھی اپنے آپ کو محروم نہیں رکھنا چاہیے۔




































