
افروز عنایت
دادی کے انتقال کے بعد وہ اکثر گھر پر سارا دن اکیلی ہوتی دونوں بھائی اور اباتوشام گئے گھرلوٹتے، گھر کا تھوڑا بہت کام ہوتا جس کو کرنے کے
بعد اسے کرنے کے لئے کچھ نہ تھا لہٰذا اس خالی گھر میں ٹی وی اس کا دوست اورساتھی تھا جس پر مختلف چینلز پر دکھائی جانے والا کوئی ڈرامہ بھی تو اس نے نہیں چھوڑا تھا پھر رات بھر خوابوں میں بھی انہی ڈراموں کے مناظر اس کی آنکھوں کے سامنے ہوتے ،لڑکے لڑکیوں کے درمیاں عشق ،رومانوی مناظر اور ڈائیلاگز، عریاں لباس ،یہ سب دیکھ کر وہ ٹھنڈی آہیں بھرتی کہ کاش اس کو بھی زندگی میں یہ سب مل جائے تو اس کی تنہائیاں ختم ہوجائیں جب تک دادی زندہ تھی تو وہ اسے دوسرے مشاغل اور باتوں میں مصروف رکھتی تھی۔ اس کی ماں کا تو اس کے بچپن میں ہی انتقال ہوگیا تھا لیکن اب اس کے اوپر دھیان دینے والا کوئی نہ تھا۔ شام کو دیر سے باپ اور بھائی گھر آتے کھانا وغیرہ کھاکر باپ اسے کچھ سختی سے نصیحتیں کرتا ۔ وہ اپنی ذمہ داری یہی سمجھتا تھا کہ اس طرح وہ اپنی بیٹی کی اچھی تربیت کر رہا ہے۔ بھائی بھی کچھ دیر ایک دوسرے کا حال احوال پوچھتے کچھ ادھر ادھر کی گفتگو کرتےاور پھر خدا حافظ کہہ کر سب اپنے اپنے بستروں پر خواب خرگوش کے مزے لینے چلے جاتے ۔ وہ بھی اپنے کمرے میں سونے کے لیے آجاتی جہاں اس کے اس پاس سناٹا ہی تھا یا وہ چینلز کےڈرامے جو اس کے ذہن اور دماغ میں بسے ہوئے تھے ۔وہ بابا کی سخت طبعیت کی وجہ سے ان اداکاراؤں کی طرح جدید لباس تو پہننے سے قاصر تھی لیکن کسی ڈرامے کے ہیروئین کی طرح کسی ہیرو کی تلاش اسے ضرور تھی۔ اسے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت بھی نہیں تھی ،کبھی کبھار کسی ضروری کام کے لئے پہلی منزل والی آنٹی کے پاس چلی جاتی ۔ابا نے بالکونی میں بھی جانے سے سختی سے منع کیا تھا۔
آج وہ بالکونی میں کپڑے سکھانے کے لئے گئی تو سامنےوالے گھر کی بالکونی میں ایک خوش شکل لڑکے کو کھڑے ہوئے دیکھا۔ نہ چاہتے ہوئے بھی اس کی نظر اس پر پڑ گئی ،اس لڑکے کی نظر بھی اس سے ٹکرائی تو وہ ہلکے سے مسکرایا نگہت گھبرا کر کمرے میں واپس آگئی۔ اس کا دل زور زور سے دھڑک رہا تھا ۔ اسے یوں لگا جیسےاسے اس کے خوابوں کا ہیرو مل گیا ہو ۔ رات کو سوئی تو اس لڑکے کا چہرہ اور اسکی مسکراہٹ اس کے دل و دماغ پر چھائے ہوئے تھے۔ وہ صبح کے انتظار میں تھی کہ کاش وہ دوبارہ اسے نظر آئے۔
صبح باپ اور بھائیوں کے جانے کے بعد وہ بے اختیار بالکونی کی طرف آئی اس کی متلاشی نگاہیں اسے تلاش کر رہی تھیں، ابھی وہ مایوس ہوکر پلٹ ہی رہی تھی کہ اسے بالکونی کی طرف آتے دیکھا ،اس کے قدم وہیں جم گئے لڑکے نے مسکرا کر اسے ہاتھ کے اشارے سے سلام کیا ۔ وہ بھی مسکرادی۔
اس طرح دونوں کی دوستی کا یہ سلسلہ چل پڑا ۔لڑکے نے اسے اشاروں سے اپنا فون نمبر دیا ۔اس کے پاس موبائل تو تھا نہیں لہٰذا پی ٹی سی ایل پر بات چیت کا سلسلہ جاری تھا ۔لڑکا اسے مسلسل ملاقات کے لئے کہہ رہا تھا کہ اگر تم کہیں اور نہیں تو اس کے اپارٹمنٹ میں ہی ملاقات کرنے آجاؤ اس طرح کسی کو معلوم بھی نہیں ہوسکے گا۔ اس نے سوچا بابا اور بھائی تو شام کو ہی گھر اتے ہیں ۔ دوپہر کو ویسے ہی پڑوس میں سناٹا ہوتا ہے، اس وقت وہ اس کے گھر آسانی سے ملاقات کرنے جا سکتی ہے۔ ڈراموں کی ہیروئین بھی تو اکثر ہیرو کو گھر پر بلا کر یا اسکے گھر جاکر دل کی حسرت پوری کرتی ہے۔
یہی سوچ کر اگلے دن وہ لوگوں کی نظروں سے بچ بچا کر اس کےاپارٹمنٹ میں پہنچ گئی ادھا گھنٹہ نگہت جمال کی رومانوی باتوں سے لطف اندوز ہوتی رہی ۔گھر آئی تو اس پر جمال کی گفتگو کا نشہ پوری طرح سوار تھا ۔ وہ اپنے اپ کو خوش نصیب تصور کر رہی تھی کہ اسے خوابوں کاشہزادہ گھر بیٹھے مل گیا ۔ اگلے دن جمال نے اسے دوبارہ ملاقات کے لئے کہا ۔نگہت نے سوچا کل کی ملاقات میں جمال نے کوئی گری ہوئی حرکت نہیں کی ، وہ صرف مجھ سے اظہار محبت تو کر رہا تھا لہٰذا وہ اس سے دوبارہ ملاقات کر سکتی ہے ۔یہ سوچ کر اس نے جمال سے دو دن کے بعد پھرملنے کا وعدہ کیا دودن کے بعد مقررہ وقت پر دبے قدموں سے وہ سیڑھیاں اتر کر سامنے والے بلاک کی سیڑھیوں کی طرف بڑھی ،پہلی منزل والی آنٹی جو اپنی کھڑکی میں اتفاقاً کھڑی تھی، اسے حیرانی سے دیکھنے لگی کہ اس کی تو میرے سوا کسی سے سلام دعا نہیں، پھر یہ لڑکی کس کے گھر جارہی ہے۔ ابھی اس کا تجسس برقرار ہی تھا کہ اس نے اس وقت لڑکی کو اس لڑکے کے گھر میں داخل ہوتے دیکھا ،اسے اتنا تو معلوم تھا کہ یہ نیا کرایہ دار لڑکا چند دن پہلے ہی اس گھر میں شفٹ ہوا ہے اور اس پڑوس سے یہی معلوم ہوا ہے کہ یہ یہاں اکیلا ہی رہتا ہے ،پھر نگہت اس کے گھر کیوں اورکسے ملنے جارہی ہے۔اس کی چھٹی حس نے اسے خبردار کیا کہ ضرور کچھ غلط ہے ،لہٰذا اس نے اپنے شوہر کو اور پڑوس میں رہنے والی زاہدہ آپا کو اور اس کے شوہر کو بھی لے کر فورا اس لڑکے کے دروازے پر پہنچ گئی۔ کافی دیر دروازہ بجانے پر جمال نے ڈرتے ڈرتے دروازہ کھولا سامنے کھڑے چاروں افراد کو دیکھ کر وہ گھبرا گیا۔
انٹی !-- کہاں ہے نگہت اور یہاں تمہارے پاس کیا کررہی ہے ؟
جمال !—کوکو۔۔۔کون نگہت یہاں کوئی نہیں ہے۔
زاہدہ آپا اسے دھکا دیکر اپنے ساتھیوں کے ساتھ اندر کمرے میں پہنچ گئی،جہاں دواورلڑکے بھی موجود تھےجن کےآگے میز پر بوتل اور گلاس رکھے تھے ۔ وہ لڑکی تھر تھر کانپ رہی تھی۔ اس کی آنکھوں کی بے بسی دیکھ کر اندازہ ہورہا تھا کہ وہ ان کے جال میں پھنس چکی ہے ۔وہ شور بھی اس لئے نہیں مچارہی تھی کہ لوگوں کو معلوم ہوجائےگا کہ سراسر اس کی غلطی ہے لیکن اس کا حلیہ گواہ تھا کہ اگر ان نے میں کچھ دیر ہوجاتی تو نہ جانے اس کا کیا حشر ہوچکا ہوتا ،وہ فورا دوڑ کر آنٹی سے لپٹ گئی۔
دونوں مردوں نے جمال اور اس کے ساتھیوںکو فورا گھر چھوڑنے کا حکم دیا، دوسری صورت میں آنٹی کے شوہر نے پولیس کو بلانے کی دھمکی دی جس کا خاطر خواہ اثر ہوا اور وہ ایک گھنٹے کے اندر اندر وہاں سے رفوچکر ہوگئے۔
باپ اور بھائیوں کو معلوم ہوا تو انہوں نے اپنا سر پیٹ لیا ۔وہ تو اسے اسی وقت زمین میں زندہ دفن کرنے کے درپے تھے لیکن زاہدہ آپا اور آنٹی نے انہیں سمجھایا کہ اس وقت بچی اور اپنی عزت کے لئے تحمل کی ضرورت ہے ۔
آنٹی !-- اس ساری صورتحال میں آپ لوگوں کا بھی قصور ہے ، آپ لوگ اس سے غافل رہے،شکر کریں اللہ نے آپ کی عزت بچالی۔ اب بہتر یہ ہوگا اپنی مزید بدنامی اور خواری سے بچنے کے لئے خاموشی سے آپ اسے اپنے ہاتھوں سے کسی کے ساتھ بیاہ دیں۔ ابھی صرف ہمیں ہی یہ بات معلوم ہے ،ایسی باتیں زیادہ دیر چھپ سکتیں۔
اس ساری صورتحال کی وجہ سے نگہت تو اس قابل بھی نہیں تھی کہ باپ اور بھائیوں کی نظروں کا سامنا کرسکےاس کا جی چاہا رہا تھا کہ کسی کنویں میں چھلانگ لگا کر اپنا خاتمہ کردے ۔باپ بھائیوں کی دوڑ دھوپ کے بعد اگلے مہینے اس کی شادی طے کردی گئی ۔اس کا شوہر اس سے دگنی عمر کا تھا بلکہ دوبچوں کا باپ بھی تھا جس کی پہلی بیوی کا دوسال پہلے انتقال ہوچکا تھا۔
یوں محسوس ہورہا تھا باپ اور بھائی جلد سے جلد اس گندگی کو گھر سے نکالناچاہتےہیں۔رشتے دار اور اس پڑوس والے بھی اس رشتے پرحیران تھے۔رخصتی کے وقت باپ نے اسے جو الفاظ کہے یقینا ًوہ تمام زندگی اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے * خدا کا شکر ادا کرو کہ عزت سے تمہیں یہ شخص نکاح کے دو بول پڑھواکر اپنے گھر لے کر جارہا ہے تم جیسی لڑکی کے لئے یہ شوہر بھی غنیمت ہے ۔




































