
افروز عنایت
امت مسلمہ کے لئےعیدین خوشیوں کےتہوارہیں جس میں نہ صرف بندہ اپنی خوشیوں کا خیال رکھتا ہےبلکہ دوسروں کو بھی خوش دیکھنا چاہتا ہے،ہراسلامی ملک میں حکمران طبقے
کی یہی کوشش ہوتی ہےکہ عید کےموقع پر عوام کو سہولتیں فراہم کی جائیں ـحکومت کی طرف سےتمام اہم اداروں کو تاکید کی جاتی ہےکہ ایسےمواقع پرعوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے بلکہ پہلے سے ہی لائحہ عمل تیار کیا جاتا ہے کہ
اپنے وسائل کے مطابق عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں لیکن غورطلب بات یہ ہےکہ کیااس اسلامی ریاست میں اس چیز کا خیال رکھا جارہا ہے ؟؟؟؟
عوام سے مراد وہ لوگ ہیں جو اعلیٰ عہدوں پر فائز نہیں اور نہ ہی انہیں حکومت کی طرف سےمراعات فراہم کی جاتیں بلکہ یہ غریب ،متوسط اورمحنت کش لوگ ہیں جو رزق حلال کو ترجیح دیتے ہیں ۔ دیکھا جائے تو ہماری اسلامی ریاست میں یہی عوام ایسےخوشی کےموقع پربھی زندگی کی بنیادی ضروریات سےمحروم رہتےہیں ۔عید کے پر مسرت موقع پر ویسے ہی عوام مہنگائی کا شکار ہوتے ہیں، دوسری طرف اس شدید گرمی میں بجلی ،پانی اورگیس جیسی بنیادی ضروریات کے لئے بھی عوام تکلیف میں مبتلا رہتےہیں ۔مثلاً عرفہ کادن تمام امت مسلمہ کے لئے اہم اور فضیلت والا دن ہے ،اس دن کےروزے رکھنے کی فضیلت سےبھی ہرمسلمان واقف ہے،لہٰذا اس دن روزہ رکھنے کےلئےسحری میں الارم کی آواز سے پہلےہی بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گرمی سے آنکھ کھل گئی،اس وقت نہ گیس ،نہ ہی بجلی تھی ،جیسےتیسےلوگوں نے پانی اوررات کی بچی روکھی سوکھی روٹی سےسحری کرکے شکر ادا کیا کہ یہ تو میسر تھی ۔ اگلا دن عیدالاضحٰی کا تھا ،لیکن پانی بھی نہیں آیا۔وہی منہ مانگی قیمت پر پانی کا ٹینکر منگوانا پڑا اور شکر ادا کیا کہ الحمدللہ ہم اس قابل تو ہیں کہ اس مہنگائی کا سامنا کر سکتے ہیں ۔
نمازعید کےبعدقربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا ،پورے شہر میں جگہ جگہ گندگی کےڈھیر اور بدبو پھیلی ہوئی تھی ــ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کی مہم چلائی ــ
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کراچی شہر کو کیوں نظر انداز کیا جا رہا ہےــاداروں کی ناقص کارکردگی ، بد امنی کی فضا نے اس شہر کو آگے بڑھنےکےبجائے پیچھےکی طرف دھکیل دیا ہے ۔ عوام بھاری ٹیکس دینے کے باوجود بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ۔
عوام اپنی پریشانیوں اور مسائل سے بچنے کے لئے کس کا دروازہ کھٹکھٹائیں ؟؟؟؟




































