
افروز عنایت
ویسے تو تمام صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین کا درجہ افضل و اعلیٰ ہےلیکن چاروں خلفائے راشدین کی ذات تمام گوہر نایاب سے منور ہے ۔ اللہ رب العزت نے ہر ایک کو بہت سی خوبیوں
اور صلاحیتوں سے نوازا ہے ۔
ان خلفائے راشدین میں حضرت عثمان رضی تعالیٰ عنہ جوخلیفہ سوئم ہیں ،انہیں اللہ رب العزت نےآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا داماد بننےکا شرف بھی عطا فرمایا اور وہ بھی دو مرتبہ ، سیدہ حضرت رقیہ کے انتقال کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےاپنی دوسری شہزادی سیدہ ام کلثوم کا نکاح آپ کے ساتھ کیا،سبحان اللہ ،یہ ایک بہت بڑا اعزاز تھا جو اللہ رب العزت نے آپ کو عطا فرمایا جس کی بناء پر آپ کو ذوالنورین کے لقب سے نوازا گیا ۔
آپ کی صلاحیتوں اور قابل تحسین خوبیوں کی وجہ سے خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق نےآپ کو اپنا مشیرخاص بنایا،آپ کی ان صلاحیتوں سےنہ صرف دور حضرت عمر رضی تعالیٰ عنہ بلکہ آپ کی خلافت کے زمانے میں بھی رعایا کو بہت سی مراعات حاصل ہوئیں ،جن کو یہاں بیان کرنا مجھ ناقص علم کے لئے ممکن نہیں ،صرف چند خوبیوں کو آپ سے شئیر کروں گی جن کی بناء پر آپ کو ایک خاص مقام حاصل ہے ـــآپ کو دنیا میں ہی جنت کی بشارت دی گئی( صحیح بخاری)،آپ کا شمار عشرہ مبشرہ کے خوش نصیب صحابہ کرام میں ہوتا ہے ـــآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کی شہادت کے بارے میں زندگی میں ہی آپ کو بتا دیا تھا ــ (صحیح بخاری)
آپ کے با حیا کردار کے بارے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بڑے خوبصورت الفاظ میں فرمایا تھا کہ کیا میں اس شخص سے حیا نہ کروں کہ جس سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں (صحیح مسلم)سبحان اللہ
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےفرمایا کہ آج کے بعد عثمان غنی کا کوئی عمل ان کونقصان نہیں پہنچائے گا( سنن ترمزی)
قابل رشک بات جو بیعت رضوان کےموقع پر دیکھی گئی ۔
(بیعت رضوان کے موقع ) وہ یہ کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے ہاتھ مبارک کو حضرت عثمان غنی کا ہاتھ قرار دیا(صحیح بخاری)
تمام صحابہ کرام بھی آپ کو عزت و تکریم سے نوازتے تھے ۔ حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر فاروق کے بعد سب صحابہ کرام آپ کو افضل سمجھتے تھے (صحیح بخاری)
مذکورہ احادیث کی روشنی میں آپ کی شخصیت کی یہ چند خوبیاں ہیں جن سے آپ کی فضیلت واضح ہےـ ـسبحان اللہ۔اس عظیم ہستی کو 18 ذوالحج کےدن شہادت نصیب ہوئی جس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بہت پہلے ہی ارشاد فرمایا تھا ـ بیشک اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تمام صحابہ کرام افضل و معتبر ہیں جن سے کسی کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا ہے ،ان کا کردار وعمل ،ان کی سوجھ بوجھ اورذہانت سے کسی کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا ہے ــ




































