
افروز عنایت
عبداللہ نےعید الاضحٰی سے ایک ہفتے پہلے ہی مجھے اطلاع دے دی کہ امی میں اس عید پر کراچی نہیں آسکتا تو میرا دل بجھ سا گیا ،حالانکہ وہ عید الفطر پر ایک مہینے کی چھٹیاں
گزارنے سعودی عرب سے پاکستان آیا تھا ۔ اس کے نہ آنے کی اطلاع پر اس کی بیوی اور چار سال کا بیٹا ارحم بھی اداس ہوگئے تھے جبکہ میرا دوسرا بیٹا جو ماشاءاللہ بحرین میں رہائش پذیر ہے ،وہ اپنی فیملی کے ساتھ آرہا تھا ـ میری اداسی اس وقت یہ سوچ کر اور بڑھ جاتی کہ عبداللہ کے چند پاکستانی دوست بھی عید گزارنے پاکستان آرہے ہیں (کیونکہ سعودی عرب میں فیملی ویزا بہت کم اداروں کی طرف سے دیا جاتا ہے ۔ عبداللہ کی بیوی اور بیٹا بھی وزرٹ ویزاپر سعودی عرب جاتے ہیں لیکن ذوالحجہ کی وجہ سے وزرٹ ویزابھی بند تھا، لہٰذا وہ اپنی فیملیز کو بھی نہیں بلا سکتے تھے ۔
ایک طرف فرحت بیٹے کے آنے کی خوشی تو دوسری طرف عبداللہ کےنہ آنےپر دل اداس کہ میرا بچہ وہاں بالکل تنہاہوگا، اس کے دوست بھی وہاں نہیں ہیں ۔ عید پر بھی اسے ہوٹل کا کھانا کھانا نصیب ہوگا ، خیر دل کو تسلی دے رہی تھی کہ عید کے بعد اسے کہوں گی کہ جیسےہی ویزا کھلے تم اپنی بیوی اور بیٹے کو تو دو ماہ کے لئے سعودی عرب بلوالینا کیونکہ ارحم کی بھی اسکول کی چھٹیاں ہیں۔ جیسےجیسےعید قریب آ رہی تھی میری اداسی بڑھتی جارہی تھی ۔ عبداللہ سنجیدہ طبیعت کا مالک ہے ،اس کی دوستی بھی اپنے جیسے چند لڑکوں کے ساتھ ہی ہے ـــ
جمعہ 5 جون کو سعودی عرب میں یوم عرفہ کی وجہ سےاس کےآفس کی بھی چھٹی تھی میں نے رات کو اس سے پوچھا کہ کل توتمہارے دفترکی بھی چھٹی ہے۔کہنے لگا نہیں ۔۔۔مجھے آفس جانا ہے(اکثر چھٹی والے دن بھی اس کی ڈیوٹی لگ جاتی ہے ) یہ سن کر مجھے مزید دکھ ہوا کہ میرا بچہ عرفہ کے دن بھی ڈیوٹی دے گا ۔خیر میں نے اپنی اداسی چھپا کر اسے خوش دلی سے ہنس کر کہا چلو صحیح ہے چھٹی کا دن اچھا گزر جائے گا ۔
اگلے دن صبح کو حسب معمول اس نےآڈیومیسج کیا ۔امی میری گاڑی آگئی ہےمیں (آفس کے لئے) نکل رہا ہوں ۔میں نے بھی حسب معمول آڈیو میسج کے ذریعے ( قرآنی آیات ) دعا پڑھ کر اس پر دم کیا لیکن بار بار مجھے پردیس میں عبداللہ کی تنہائی کا احساس ہو رہا تھا ۔
شام کو حسب معمول نماز عصر سے فارغ ہو کر قرآن کی تلاوت کرنے بیٹھی تو بحرین سےفرحت بیٹے کی وڈیو کال آگئی(وہ آدھا گھنٹہ پہلے ہی مجھ سےبات کر چکا تھا) میں سوچنے لگی شاید اسے کوئی ضروری بات کرنا ہوگی، اس لئے اس نے دوبارہ جلدی فون کیا ہے لیکن وہ ادھر ادھر کی باتوں میں مجھے مصروف کر رہا تھا ، عبداللہ کی بیوی کی کچن سے آواز آئی جو بیٹے سے کہہ رہی تھی کہ تمہارے لئے بڑا سر پرائز ہے میں سمجھی کہ وہ رات کے کھانے میں اس کے لئے پیزا بناکر اسے سرپرائز دینا چاہتی ہے ،میرا منہ گھر کے داخلی دروازے کی طرف تھا اچانک نظر اٹھائی تو عبداللہ کھڑا ہوا مسکرا رہا تھا ۔میں حیران و پریشانی سے پلک جھپکائے بغیر اسے تک رہی تھی کہ کیا میں جاگتے ہوئے خواب دیکھ رہی ہوں ،ہوش میں تو اس وقت آئی جب وہ میرے قدموں میں آ کر بیٹھ کر میرے ہاتھوں کو چومنے لگا ۔میں ایک دم جھٹکے سے عبداللہ کہہ کر ،کرسی سے اٹھی( میری آنکھوں سے آنسورواں ہوگئے تھے) گلے لگا کر اس کے چہرے کو بار بار چومنے لگی ــــبعد میں یہ راز افشاء ہوا کہ یہ سرپرائز میرے لئے تھا جو بیٹوں اور بہو نے مل کر مجھے دیا تھا ۔الحمداللہ جو یقینا ًبہترین سرپرائز تھا۔
بیشک اس سرپرائز نے میری خواہش کو حقیقت کا روپ دے دیاتھا بلکہ میرے اندر بھرپورتوانائی بھی پیدا کردی تھی جس کے اظہار کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ،بیشک ہر ماں کے لئے کوئی بھی خوشی اس کی اولاد کے بغیر نا مکمل ہے ۔اللہ رب العزت سب کی اولاد کو صحت تندرستی کے ساتھ سلامت و آباد رکھے ـآمین ثم آمین




































