
افروزعنایت
نوجوان نسل کسی بھی ملک کی معمارتصورکی جاتی ہےاوران معماروں کی تعلیم وتربیت کی ذمہ داری والدین کےساتھ اساتذہ کرام پر بھی عائد
ہے. اس لحاظ سےاساتذہ کرام کی اہمیت سےانکار نہیں کیاجاسکتا،ہردوراورمذہب میں اساتذہ کرام کو معاشرے کی اہم ہستیوں میں شمار کیا جاتا رہا ہے، اسی لیے ان کی عزت و تکریم کو بھی ترجیح دی جاتی ہے۔
اساتذہ کی ذمہ داری اور اہمیت کا اندازہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کےاس قول سےواضح ہےکہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے استاد کو روحانی باپ کا درجہ عطا فرمایا ہے، بیشک جو استاد ایمانداری محنت اور خلوص سے اس فریضہ کو انجام دیتے ہیں یقیناً وہ شاگردوں کے ساتھ ماں باپ کی طرح ہی پر خلوص ہوتے ہیں ،وہ صرف طالب علموں کو تعلیم ہی دینا اپنا فرض نہیں سمجھتے بلکہ ان کی تربیت کو بھی اہمیت اورترجیح دیتے ہیں ۔ ایسے اساتذہ اپنی بہترین مہارت کے ساتھ بچوں پر اپنا وقت سرف کرتے ہیں اور ان کے ذہن میں آنے والے سوالات کا اس مہارت اور اپنی قابلیت سے جواب دیتے ہیں کہ شاگرد نہ صرف استاد کے جواب سےمطمئن ہوجاتے ہیں بلکہ ایسے اساتذہ کو ہمیشہ یاد بھی رکھتے ہیں اور دل سے ان کی قدر اورعزت بھی کرتے ہیں۔
کہتے ہیں کہ علم لینا اور دینا نبیوں کا شیوہ ہے،اس بات میں طالب علم اوراستاد دونوں کی اہمیت کو بھرپوراندازمیں واضح کیا گیا ہے، نوجوان نسل کسی بھی ملک کی معمار تصور کی جاتی ہے، ان معماروں کا اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہونا انتہائی ضروری ہے اور ان کی اس تعلیم و تربیت کی ذمہ داری والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام پر بھی عائد ہوتی ہے، اس لحاظ سے اساتذہ کرام کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ،خصوصا ًموجودہ دور میں والدین اپنی بےجا مصروفیات کی وجہ سےاولاد کو مکمل وقت دینے سے قاصر ہیں ،لہٰذا اساتذہ کرام کی ذمہ داری دوچند ہو جاتی ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ اس قدر اہم پیشہ سے منسلک ہونے کے باوجود ہمارے وطن عزیز میں اساتذہ کرام کی تنخواہ اور تکریم بنسبت دوسرے ممالک کے کم ہے ، میرے والد مرحوم آج سے تیس چالیس سال پہلے جرمنی گئے تھے ،انہوں نے ہمیں بتایا کہ جرمنی میں دو پیشوں کی بڑی قدر وعزت ہے ۔
ایک پولیس اور دوسرا استاد؛ جنہیں معقول تنخواہ وعزت سے نوازا جاتا ہے، ایک عوام کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور دوسرا نسلوں کو سنوارتا ہے۔
جی ہاں استاد نسلوں کو سنوارتا ہے جس طرح مضبوط و خوبصورت عمارت کے پیچھے کاری گروں کا ہنر بولتا ہے، اسی طرح کسی انسان کی کامیابی کے پیچھے اساتذہ کی قابلیت بھی ظاہر ہوتی ہے۔
اسی لئے مذہب اسلام میں استاد اور معلم کو معتبرمقام حاصل ہے،آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم کواس کاینات کےسب سےعظیم ترین معلم انسانیت ہونے کا اعزاز رب العزت نے نوازا ہے جنہوں نےاس کائنات میں احکام ربانی کی تعلیم سے دنیا کو سنوارا۔ایک بہترین استاد بننے کےلئےآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات اقدس کے اسوہ و طریقہ کار. کے نقش قدم پر چلنا اس فریضہ کی کامیابی کی ضمانت ہے اور یقیناً آج ہمارے معاشرے کو ایسے ہی اساتذۂ کی اشد ضرورت بھی ہےجو نئی نسل کی آبیاری کا فریضہ ایمان داری سے انجام دے سکیں، جو نا صرف اپنے شاگردوں کو کتابی تعلیم سے نوازیں بلکہ وقت اور ضرورت کے اعتباز سے ان کی تربیت کا خیال بھی رکھیں۔ انہیں اچھے برے کی تمیز سکھائیں ، کبھی کبھار اپنے مضمون سے ہٹ کر کوئی نیکی کی بات بھی پہنچائیں اور یقین کریں کہ زیادہ تر شاگرد اپنے اساتذہ کی بات کو اہمیت دیتے ہیں اور عمل بھی کرتے ہیں ۔
یعنی اس ہستی کی معاشرے کے سنوارنے میں بڑی اہمیت ہے،اس لئےاساتذہ کرام کےلئےبھی انتہائی ضروری ہےکہ وہ اپنےفرض کونہایت ایمانداری سے انجام دیں اور شاگردوں کے ساتھ خلوص و محبت کا رشتہ رکھیں جیسا خلوص وہ اپنی اولاد کے لیے رکھتے ہیں ۔یقینا ایسےاساتذۂ کرام ہماری نسلوں کو صحیح سمت لے جاسکتے ہیں ۔




































