
افروزعنایت
روشنیوں کا شہر کراچی جہاں کی روشنیاں دھندلاتی جا رہی ہیں مگر یہاں کے بازوق لوگ مختلف سرگرمیوں میں پیچھے نہیں
رہتے ،جی ہاں یہ خصوصیت ایکسپو سینٹر کراچی کے کتب میلے میں بھی دیکھی گئی ۔ پانچ روزہ میلے میں کتابوں کے اسٹال پر رش دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی۔ قابل تعریف اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان کتابوں کے اسٹالز پر موسم سرما کی تعطیلات کی وجہ سے بچوں کا رش زیادہ دیکھا گیا جو بڑے ذوق و شوق اور دلچسپی سے کتابیں ،اسٹکرز ، وغیرہ خرید رہے تھے ۔
کتب میلے میں جن اسٹالز پر رنگ نو کی کتب دستیاب تھیں ان پر بھی بہت رش دیکھنے میں آیا ،جگ مگ تارے ،سیپ کے موتی ،بولتی تحریریں اور ننھی کلیوں سے باتیں اور بہت سی اصلاح سے بھر پور کتب جو لوگوں کی توجہ کا مرکز تھیں بچے اور خواتین بڑی دلچسپی سے ان کتب کی خریداری میں مصروف تھے ۔ ایک دو خواتین سے بات ہوئی جنہوں نے بتایا کہ یقیناً یہ کتب صرف دلچسپ ہی نہیں بلکہ اصلاح سے بھر پور ہیں جن سے ہم استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ سن کر مجھ ناچیز کو خوشی محسوس ہوئی کہ ہماری محنت رائیگاں نہیں جاتی ۔ ابھی بھی ہمارے آس پاس کتب بینی سے دلچسپی رکھنے والے موجود ہیں جو ہمیں قلم و قرطاس کے سفر کو جاری رکھنے کے لئے بہت بڑا حوصلہ دے رہے ہیں۔




































