
افروزعنایت
چاروں بہن بھائی دسمبر کی اس سرد شام میں بیٹھے آپس میں گفتگو کر رہے تھے۔ فرحت کہنے لگا ہم
جب چھوٹے تھے تو امی خود دو دو سوئٹر اور شال پہن کر اداکاری کرتیں کہ آج تو بہت سردی ہے ،اس سردی میں اگر موٹے گرم کپڑے استعمال نہیں کریں گے تو بیمار پڑجائیں گے ،پھر ڈاکٹر سوئی لگائے گا۔ امی کی بات سن کر ہم چاروں معصوم سوئٹر زکے ساتھ ٹوپی بھی پہن لیتے کہ ہمیں سوئی نہ لگوانی پڑے ـ۔ عفت بھائی کی بات سن کر زور سے قہقہے لگا کر کہنے لگی کہ امی اس پر بھی مطمئن نہیں ہوتیں ۔ چکن کی یخنی بناکر تو کبھی دار چینی کا اور کبھی شہد کا قہوہ بنا کر پلاتیں ۔ـ راحت کہنے لگا اور سردیوں میں رات کو مسلسل ہمارے کمرے کا پہرہ دینا تو امی کا پسندیدہ کام تھا کہ سب نے کمبل اچھی طرح لپیٹے ہوئے ہیں یا نہیں ـ بلکہ گھر میں موجود ایکسٹرا کمبل بھی ہمارے اوپر ڈال کر جاتیں۔ ـ
سب سے چھوٹے بھائی عبداللہ نے کہا کہ چھوٹا ہونے کی وجہ سے امی کا بس نہیں چلتا کہ وہ مجھے کمبل میں سے جیکٹ بنا کر پہنائیں ـ چاروں اپنی گفتگو پر خود ہی نہیں بلکہ میں بھی لطف اندوز ہورہی تھی۔ ــجی ہاں صرف میرے چاروں بچوں کی ماں کا ہی یہ حال نہیں تھا بلکہ ہر گھر میں ماں کے نام کی ایسی ہستی کا اس سرد موسم میں اپنے بچوں کے ساتھ اسی قسم کا برتاؤ نظر آتا ہے۔ ــ
ویسے تو ماں باپ جیسے انمول رشتے رب العزت کی طرف سے اولاد کے لئے تحفہ ہیں جس کا نعم البدل کوئی اور ہوئی نہیں سکتا ۔ہر موقع اور ہر لمحے ہر موسم میں ان کی دعائیں ان کا ساتھ اولاد کے لئے باعث رحمت اور شفقت ہیں ـ جس کا احساس وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتا ہی جاتا ہے بلکہ ان کے دنیا سے جانے کے بعد بھی ان سے جڑی خوبصورت یادیں ذہن کے دریچوں پر دستک دیتی رہتی ہیں، خصوصاً سرد موسم میں دن رات بلکہ ہر لمحے بچوں پر یہ مہربان ہستیاں اسی طرح محبت نچھاور کرتی رہتی ہیں ،مائیں چاہے پہلے کی مائیں ہوں یا موجودہ دور کی بس ماں تو ماں ہی ہوتی ہے۔
ــ
اللہ رب العزت نے اپنی جتنی مخلوقات پیدا کی ہیں، ان میں صرف انسان کو ہی یہ ماں باپ جیسے انمول رشتے عطا فرمائے ہیں جو اپنی زندگی کے آخری لمحات میں بھی اپنی اولاد کی فکر میں مبتلا رہتے ہیں، چاہے وہ اولاد عمر کے اس دور میں داخل ہوچکی ہو کہ وہ خود بھی ماں باپ کے درجے پر فائز ہوچکے ہوں بلکہ عموماً دیکھا گیا ہے کہ گزرے وقت کے ساتھ اولاد کو اپنے والدین کی زیادہ فکر رہتی ہے اور وہ بالکل ان کا اسی طرح خیال رکھتے ہیں جیسے بچپن میں انہوں نے اولاد کا رکھا تھا۔ ـ




































