
افروز عنایت
آج چاروں طرف دیکھتی ہوں تو نفسانفسی کا عالم نظر آتا ہے ، ہر شخص اپنی دنیاوی زندگی کے
عیش وآرام کے لئے تگ ودو میں لگا ہوا ہے جبکہ یہ دنیاوی زندگی تو عارضی ہے ،بیشک اس دنیاوی زندگی کے لئے بھی اللہ نے اپنے بندوں پر بے انتہا انعامات فرمائے ہیں ،ان سے فائدہ بھی حاصل کیا جاتا ہے ، اسی لئے یہ دعا بھی مانگتے ہیں کہ اے ہمارے رب ہمیں دنیا و آخرت کی بھلائی عطا فرما ،سبحان اللہ
یعنی اعتدال کے ساتھی ان خوشیوں اور آسائشوں سے مستفید ہو سکتے ہیں ،نہ بے جا اصراف ،نہ کنجوسی درمیانی طریقے سے اللہ کی نعمتوں سے استفادہ کرنا بہترین طریقہ ہے ،یعنی اللہ رب العزت کی نعمتیں آپ کی شخصیت میں نظر آئیں ،ایک بندے کو اللہ نے مال ودولت سے نوازا ہے لیکن اس کے جسم پر پرانے بوسیدہ لباس ہو تو یہ بھی کفران نعمت اورناشکری ہے،جیسا کہ حضرت عمر بن عبدالعزیز نے اپنے دربار میں آئے ہوئے ایک عملدار کے جسم پر پرانا اور بوسیدہ لباس دیکھا تو دارالامال کے عملدار کو بلاکر کہا کہ اس دربار میں آئے ہوئے اس عملدار کے لئے کچھ رقم کا بندوبست کیا جائے ،جب وہ عملدار رقم لیکر حاضر ہوا تو حضرت عمر بن عبدالعزیز نے وہ رقم اس بوسیدہ لباس پہنے عملدار کے حوالے کی کہ اس سے تم اپنے لئے نیا لباس خرید لویعنی اپنا ظاہری حلیہ درست کرو ،اس عملدار نے جب بتایا کہ وہ ایک خوشحال شخص ہے تو حضرت عمر بن عبدالعزیز نے کہا کہ جو تمہیں تمہارے رب نے عطا کیا ہے ،وہ تمہارے جسم پر نظر آنا چاہیے ۔
حضرت عمر بن عبدالعزیز کی اس بات سے اندازہ ہوتا ہے کہ میانہ روی اور اعتدال کے ساتھ اللہ کی نعمتوں کو استعمال کرنا چاہیے جبکہ نمود و نمائش اور فضول خرچی کی دین اسلام نے ممانعت فرمائی ہے، جس سے سامنے والے غریب بندوں کو اذیت بھی پہنچ سکتی ہے اور میرا اللہ یہ پسند نہیں کرتا کہ کسی بندے کی وجہ سے اس کا دوسرا بندہ تکلیف کا شکار ہو۔ پھراسی وجہ سے کوئی دوسروں کے ساتھ ریس اور حسد کرنے لگتا ہے بعض اوقات غلط ذرائع سے مال جمع کرنے کے طریقے بھی استعمال کرنے لگتا ہے ۔
آج ہمارے چاروں طرف اسی لئے جرائم میں اضافہ نظر آتا ہے دوسری طرف بندہ مال زر کی ہوس میں اپنی آخرت کو بھلا دیتا ہے جو بندے کا ابدی گھر ہے ،جی ہاں آخرت کا ابدی گھر جس کی فکر بہت کم لوگوں میں نظر آتی ہے ۔ماہ رمضان میں ہی دیکھیں مسجدیں نمازیوں سے بھری ہوئیں ہیں لیکن چاروں طرف ہونے والی برائیاں ویسے ہی نظر آتی ہیں جو کہ نہایت افسوس ناک صورتحال ہے ،اگر ہم مسلمان اپنے آخرت کے ابدی ٹھکانے کا سکھ چاہتے ہیں تو ہم اپنی ذات کو دنیاوی ہوس سے بچنا چاہیے۔




































