
افروزعنایت
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہر چیز ، طور طریقے ،کھانا پینا ، ملنا جلنا، رہن سہن سب بدلتا جا رہا ہے یوں لگتا ہے کہ ہم اپنی فطرت سے بغاوت کرکے جدید مصنوعی طریقوں اور چیزوں کے غلام بنتے جارہے ہیں۔ ـ فی زمانہ اشیاء کا وزن
،تعداد اور مقدار بڑھانے اور اپنے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے جو جدید طریقے استعمال کر رہے ہیں وہ انسانی ذات کے لئے فائدہ مند ہیں یا نقصان دہ ؟ یہ سوچے سمجھے بغیر ہم ان غیر فطری اشیاء کی گرفت میں آتے جارہے ہیں ـ۔
ــ
صرف کھانے پینے کے معاملات پر ہی نظر ڈالیں مرغیوں کی جس طرح مصنوعی طریقوں سے افزائش نسل کی جارہی ہے ،کیا وہ ہمارے لئے فائدہ بخش ہے یا نقصان دہ ، کھیتی باڑی کے لئے استعمال کی جانے والی کھاد میں کیمیکلز ملانے سے پیداوار تو بڑھ جاتی ہے لیکن اس کے نقصانات بھی یقینی ہیں ــ بہت سے جراثیم کش ادویات میں استعمال ہونے والے کیمیکلز انسانی جانوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں جن کے استعمال میں دن بدن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔
ــ
اسی طرح پینے کے پانی کو بھی دوائیوں اور فلٹرز کے ذریعے پینے کے قابل تو بنایا جارہا ہے لیکن اس کا ذائقہ بدلتا جا رہا ہے، ـ اب ہم ان چیزوں کے اس قدر عادی ہوتے جا رہے ہیں کہ قدرت کی بنائی خالص و صاف ستھری اشیاء ہم ہضم ہی نہیں کر پاتے ہیں۔اب تو یہ حال ہے کہ بچے اسکول سے ملنے والا ہوم ورک بھی اپنی ذہنی صلاحیتوں سے نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت سے حل کرتے ہیں ،اس طرح ان کا ذہن بھی مفلوج ہوتا جارہا ہے۔
ــ
قدرت کی تخلیق کردہ جسمانی اعضاء میں بھی ردو بدل کا سلسلہ عام ہوتا جارہا ہے ، مصنوعی طریقوں سے ہونٹوں کی آرائش اور بناوٹ میں تبدیلی کے لیے سرجری کرانا ،چہرے کے خدو خال کو تبدیل کرنا ، گوری رنگت کے لئے انجیکشن لگوانا ،سر پر مصنوعی بالوں کی پیوند کاری کروانا یہ سب چیزیں عام ہوتی جارہی ہیں۔
ــ
مجھے ایک خاتون نے بتایا کہ بچے کی نارمل طریقے سے پیدائش کے وقت مجھے ڈاکٹر نے درد ختم کرنے کے لئے انجیکشن لگایا جس سے میری تکلیف بالکل ختم ہوگئی اور بچے کی ولادت کا مرحلہ آسانی سے طے پایا ـ۔مجھے یہ سن کر تعجب ہواکیونکہ ہم تو سنتے آرہے ہیں کہ ماں اولاد کی پیدائش کے وقت جو درد سہتی ہے، اس سے اولاد اور ماں کے درمیان ایک خوبصورت خلوص و محبت بھرا ناطہ جڑتا ہے جو کسی اور رشتے کے درمیان نہیں ہے ،مختصر یہ کہ آج کے انسان نے آسانی اور چند مفادات کی خاطر فطرت کے خلاف سفر شروع کیا ہے، نہ جانے آنے والے وقت میں اور کیا کچھ سامنے آئے گا ــ




































