
افروزعنایت
قوموں اور ملکوں کا مستقبل صرف ہتھیاروں ،دولت اور قدرتی وسائل سے روشن نہیں بلکہ نئی نسل کی مکمل آبیاری کرنے سے ممکن ہو سکتا ہے اور آبیاری
کرنے کا یہ فریضہ والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام انجام دے سکتے ہیں ، جس طرح کسی بھی عمارت کی تعمیر و توسیع کے لئے ماہر اور تربیت یافتہ کاریگروں کا ہونا لازمی ہے اسی طرح ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لئے ماہر اور ذہین تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت اہمیت رکھتی ہے اور ان نوجوانوں کو سنوارنے نکھارنے میں استادوں کا ساتھ شامل ہوتا ہے ـ۔
استاد چاہے دنیاوی تعلیم دے یا دینی ، دونوں اہمیت کے حامل ہیں ــ یعنی دنیا و آخرت سنوارنے کے لیے والدین کے ساتھ ساتھ استاد کا بھی بڑا ہاتھ ہے، اسی لئے استاد کو ہر معاشرے میں اعلیٰ مقام اور مرتبہ حاصل ہے ،جسے ہر مذہب اور ہر قوم میں تسلیم کیا جاتا ہے ـ۔ اسی لئے خوش قسمت ہے وہ انسان جسے بہترین اور مخلص استاد نصیب ہو ــ۔
بہترین ،مخلص اور فرض شناس استاد معاشرے کے استحکام و فلاح کے لئے بہترین رہبر ثابت ہو سکتے ہیں ـــ جن کی قدر و منزلت وقت گزرنے کے باوجود ذہنوں میں موجود رہتی ہے ، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے کہ استاد ہی نئی نسل کے معمار ہیں اور یہ نئی نسل مستقبل میں ملک و ملت کے معمار ہیں یعنی ملک کی ترقی و بھلائی انہی معماروں کے معماروں پر منحصر ہے۔
ــ
استاد کےعالمی دن پرقوم کے معماروں کو سلام




































