
عصمت اسامہ
تاریخ وہ آئینہ ہےجس میں ہم اپنےماضی کاعکس دیکھ کرمستقبل کا لائحہ عمل تیارکرسکتے ہیں۔ سقوط ڈھاکہ تاریخ پاکستان کا ایک ناقابل فراموش باب
ہے،جب لاکھوں جانوں کی قربانی دےکرحاصل کیا گیا،وطن دوٹکڑے کردیا گیا۔16 دسمبر 1971ء کو یاد رکھنا،اس نقصان کے اسباب ،وجوہات کا جائزہ لینا۔اس کے نتائج و اثرات کو تسلیم کرنا ،پاکستانی قوم پرفرض بھی ہے اور اس مٹی کا قرض بھی۔
پھول لےکرگیا،آیا روتا ہوا،بات ایسی کہ کہنے کا یارانہیں
قبر اقبال سےآرہی تھی صدا،یہ چمن مجھ کوآدھا گوارا نہیں
آخروہ کون سی آندھیاں تھیں جنہوں نےاتنےسالوں کی محنت ضائع کردی؟وہ کون سے نادیدہ ہاتھ تھےجنہوں نے ہمارا چمن اجاڑڈالا؟
وقت کرتا ہے پرورش برسوں
حادثہ ایک دم نہیں ہوتا
پاکستان دنیا کی سب سے بڑی اسلامی ریاست تھی جو 1947 ء سےدشمنوں کی آنکھ میں کھٹک رہی تھی۔ بھارت سمیت دنیا کی سب سپر پاورزاس نوزائیدہ ریاست کے خلاف متحد تھیں۔ مغربی پاکستان اورمشرقی پاکستان کے درمیان ایک ہزارمیل کا فاصلہ تھا ۔دونوں حصوں کےعوام مختلف رنگ، زبان اور تہذیب کےہونے کے باوجود ایک کلمہ طیبہ کی وجہ سے باہم جڑے ہوئے تھے۔ یہی دوقومی نظریہ تھاجس نے پاکستانی قوم کو متحد رکھا ہوا تھا۔دشمن نےتاک کے اس نظریے کو نشانہ بنایا۔ نظام تعلیم کی طرف توجہ نہیں دی گئی ۔ ہندو اساتذہ کو مطالعہ پاکستان اور اسلامیات پڑھانےمیں اپنی من مانی کرنے کے مواقع ملتا رہے اور انہوں نےعلاقائی و لسانی تعصبات کو بھی خوب ابھارا اورنظریہء اسلام پرکاری ضرب لگائی ۔
مشرقی پاکستان کےلوگ سادہ اوردین دارتھے۔ قیام پاکستان کے بعد پٹ سن کی پیداوار سے ملکی معیشت کو کڑےوقت میں بہت سہارا ملا تھا لیکن عوام کےاحساس محرومی ،سماجی اورمعاشی ناانصافی جیسے مسائل کوحل نہیں کیا گیا ۔مغربی پاکستان کے حکمران اور اسٹیبلشمنٹ نےخود کو بالاترسمجھا اوران کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا گیا جس سے فاصلے مزید بڑھنے لگے۔ پیپلز پارٹی کےسربراہ بھٹو کا یہ نعرہ "ادھر تم،ادھر ہم "اسی سلسلہ کی ایک کڑی تھا۔ سیاست دانوں نے وطن کو اپنی انااورمفادات کی بھینٹ چڑھادیا۔ہرکوئی اپنے فرائض سےغافل نظر آتا تھا۔
وہی کارواں وہی راستے ،وہی زندگی وہی مرحلے
مگر اپنے اپنے مقام پر کبھی ہم نہیں ،کبھی تم نہیں
بالآخربھارتی فوج بین الاقوامی سرحد کو عبور کرکےمشرقی پاکستان میں داخل ہوگئی اورمقامی کشمکش، پاک بھارت جنگ میں تبدیل ہوگئی۔ بھارت کےاس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل مانک شا کا بیان ریکارڈ پرہے ،"اگر بھارتی افواج مداخلت نہ کرتیں تو مشرقی پاکستان الگ نہ ہوتا "۔
حقیقت میں مغربی پاکستان سے جو فوج مشرقی پاکستان گئی،وہ بالکل تنہا تھی ۔ انہیں وہاں کوئی راستہ بتانے والا نہیں تھا۔ ان حالات میں البدراورالشمس کے کارکنان نے وطن کی حفاظت کےعظیم مقصد کی خاطر پاک فوج کا ساتھ دیا اورآج بھی بنگلہ دیش میں پاکستان کی محبت کی پاداش میں جماعت اسلامی کی قیادت کو ماورائےانصاف پھانسیاں دی جارہی ہیں اور پوری دنیا میں ان کےحق میں کوئی آواز اٹھانےوالا نہیں حالانکہ تینوں ممالک کے مابین 1971ء کے بارے میں معاہدہ بھی موجود ہے۔
بیسویں صدی میں جوعالم اسلام پہ سب سےبڑی قیامت گزری وہ سقوط ڈھاکہ ہے،جب لاکھوں معصوم مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔مکتی باہنی کےنام سے بھارت نے جو فورس بنائی تھی ،اس نےشہری آبادی پرانسانیت سوزمظالم ڈھائے،مومن عورتوں کی آبرو ریزی کی گئی ۔ بھارت کل بھی پاکستان کا دشمن تھا اور آج بھی پاکستان کا دشمن ہے۔
وہی سانحہ آرمی پبلک سکول کا اصل کردارہے،وہی کلبھوشن جیسےجاسوسوں کے ذریعے آج بھی پاکستان کی بنیادیں کھوکھلی کرنے میں لگا ہے۔ وہی بلوچستان میں حالات کو بگاڑ رہا ہے۔ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی اور سفارتی معاملات وطن کی عزت و وقار کو مدنظر رکھ کر بنانے چاہئیں ۔اگر بھارت پوری دنیا میں پاکستان کے خلاف لابنگ کر رہا ہے تو پاکستان کو بھی خاموش نہیں رہنا چاہیے ۔
یہ وطن اسلامی نظام کو اپنانے اور اس پرعملدرآمد کر کے دکھانےکےلئےبنایا گیا تھا اورہماری ریاست آئین کی روسےاس کی پابند ہےکہ وہ نظام تعلیم، نظام عدالت ،نظام معیشت سمیت ہرشعبہ زندگی کوقرآن وسنت کے مطابق چلاۓ۔ اسی اسلامک آئیڈیالوجی پر قومی یکجہتی واتحاد کا دارومدارہےاوریہی اسلامی نظام پاکستان کوعالمی سطح پر باوقارمقام دلاسکتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے مقتدر طبقات سنجیدگی سے حالات حاضرہ کا تجزیہ کر کے وطن کی سلامتی و استحکام کو درپیش خطرات کا جائزہ لیں اور اپنی شہ رگ کشمیرکو دشمن کے شکنجے سےچھڑانے کے لئے کوئی لائحہ عمل تیار کریں۔اگر ترکی اس وقت عالم اسلام میں نمایاں مقام رکھتا ہےتو اس کی بنیاد اس کی غیرت وحمیت پہ مبنی حکمت عملی ہے،جس کی وجہ سے نہ صرف اس نے شام کے مسلمانوں کو پناہ دی ہے بلکہ آذربائیجان کو فوجی مداخلت کرکے آرمینیا سے آزاد کروایا ہے۔
صورت شمشیر ہے دست قضا میں وہ قوم
کرتی ہے جو ہر زماں اپنے عمل کا حساب




































