
زین صدیقی
کچھ لوگ دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں مگر ان کے الفاظ، ان کی سوچ اور ان کی تحریریں انہیں ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں۔ محترمہ سعدیہ یاسمین بھی ان ہی خوب صورت قلم کاروں
میں شامل تھیں جنہوں نے مختصر مگر باوقار ادبی سفر میں اپنے لیے ایک منفرد مقام بنایا۔ وہ ایک بہترین کہانی نویس، قلم کار، استاد اور حساس طبیعت رکھنے والی شخصیت تھیں جن کے قلم میں زندگی کے مشاہدات، انسانی جذبات اور معاشرتی رویوں کی گہری جھلک دکھائی دیتی تھی۔
سعدیہ یاسمین کراچی میں پیدا ہوئیں اور ان کی تعلیم و تربیت کا بیشتر سفر بھی شہر قائد میں گزرا۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے نفسیات کی تعلیم حاصل کی۔ والدہ کی خواہش پر بی ایڈ اور ایم ایڈ کی ڈگریاں حاصل کیں اور درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہوگئیں۔ شادی کے بعد راولپنڈی منتقل ہوئیں، جہاں زندگی کے نئے مراحل کے ساتھ ان کے اندر چھپی ہوئی تخلیقی صلاحیتیں بھی رفتہ رفتہ سامنے آتی رہیں۔
تین سال قبل جب انہیں کینسر کے موذی مرض نے انہیں گھیر لیا تو انہوں نے شکست تسلیم کرنے کے بجائے اپنے اندر حوصلہ پیدا کیا۔ان کی بہن ثمینہ ناہید نے ان کا حوصلہ بڑھاہا اور انہیں ایک ادبی پلیٹ فارم پر متعارف کروایا ۔ ذہنی طور پر خود کو مصروف، متحرک اور مضبوط رکھنے کے لیے انہوں نے لکھنے کا آغاز کیا۔ یوں بیماری کے خلاف ان کی جنگ میں قلم ان کا ساتھی بن گیا۔ انہوں نے مثالی اور شاندار کہانیاں اور مضامین لکھے ۔ ان کی بعض تحریریں حقیقی واقعات سے ماخوذ تھیں جن میں زندگی کی تلخیوں، انسانی رویوں اور معاشرتی حقیقتوں کو نہایت حساس انداز میں پیش کیا گیا۔
سعدیہ یاسمین نے صرف قلم ہی کو اپنا سہارا نہیں بنایا بلکہ علم سے اپنا رشتہ بھی برقرار رکھا۔ انہوں نے دوبارہ تعلیم کا سلسلہ شروع کیا اور اسلام آباد سے نفسیات کے مزید کورسز کیے۔ یہی علم اور تجربہ بعد میں ان کی شخصیت کا ایک اور خوب صورت پہلو بن گیا اور وہ تحریر کے ساتھ ساتھ آن لائن کاؤنسلنگ کی خدمات بھی انجام دینے لگیں۔ یوں ان کا قلم صرف کہانیاں نہیں لکھتا تھا بلکہ انسانوں کے دکھ، الجھنیں اور احساسات سمجھنے کی کوشش بھی کرتا تھا۔
رنگ نو ڈاٹ کام کے لیے سعدیہ یاسمین محض ایک قلم کار نہیں تھیں بلکہ ایک ایسی تخلیقی ساتھی تھیں جن کی تحریریں ادارے کے ادبی سفر کا حصہ بنیں۔ ان کے الفاظ میں سادگی بھی تھی، احساس بھی اور زندگی کو قریب سے دیکھنے والی ایک حساس نظر بھی۔ وہ ان قلم کاروں میں سے تھیں جو شہرت کے شور سے زیادہ اپنے کام کے اثر کو اہمیت دیتے ہیں۔
تین برس قبل انہیں کینسر کے مرض نے آ گھیرا۔ بیماری ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہوگئی تھی، مگر مناسب اور بروقت مستند علاج کے بجائے غلط علاج کی وجہ سے مرض بڑھتا چلا گیا۔ اس کے باوجود سعدیہ یاسمین نے ہمت نہیں ہاری۔ بیماری نے جسم کو کمزور کیا، مگر ان کے عزم، حوصلے اور قلم کو خاموش نہ کرسکی۔ وہ آخری وقت تک زندگی سے جڑی رہیں ۔
2 اگست 2026 کو وہ اس دنیا سے رخصت ہوکر خالقِ حقیقی کے حضور جا پہنچیں۔ ان کی وفات صرف ان کے اہلِ خانہ اور احباب کے لیے ہی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کے لیے ایک بڑا نقصان تھی جو ان کے قلم سے وابستہ تھے۔ ایک حساس دل رکھنے والی، علم دوست اور تخلیقی شخصیت خاموشی سے رخصت ہوگئی، مگر اپنے پیچھے ایسے الفاظ چھوڑ گئیں جو آنے والے دنوں میں بھی ان کی یاد دلاتے رہیں گے۔
رنگ نو نے سعدیہ یاسمین کی ادبی خدمات اور ان سے وابستہ محبت کو محض تعزیتی الفاظ تک محدود نہیں رکھا۔ انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کتاب ’’زندہ کہانیاں‘‘ میں ان کی زندگی اور شخصیت کو جگہ دی ۔ اس کتاب میں نہ صرف ان کی تحریریں شامل کی گئیں بلکہ ابتدائی صفحات پر کتاب کے بارے میں ان کے وہ پُراثر خیالات بھی محفوظ کیے جو انہوں نے قارئین کے لیے اپنی محبت اور خلوص سے تحریر کیے تھے۔ یہ سعدیہ یاسمین کے ساتھ رنگ نو کی محبت اور ان کے فن کے اعتراف کی ایک خوب صورت مثال ہے۔
شاید اس سے بھی زیادہ جذباتی بات یہ ہے کہ کتاب کے ٹائٹل پر سعدیہ یاسمین کا نام شائع کیا گیا۔ وہ کتاب کی اشاعت کے بعد اسے دیکھ تو نہ سکیں، مگر اس کے ٹائٹل پر اپنا نام اور بیک پیج پر اینا تعارف ضرور ملاحظہ کرچکی تھیں۔ شاید انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ وو اس بہترین کاوش کو تکمیل پر نہیں دیکھ سکیں گی ۔
بعض اوقات زندگی انسان کو بہت مختصر مہلت دیتی ہےمگر کوئی شخص اپنے کردار، محبت اور لفظوں سے اس مختصر زندگی کو بہت طویل بنا دیتا ہے۔ سعدیہ یاسمین بھی انہی لوگوں میں سے تھیں۔ ان کی آواز خاموش ہوگئی، مگر ان کی کہانیاں باقی ہیں، ان کا قلم رک گیا مگر ان کے لفظ سفر میں ہیں۔
سعدیہ یاسمین چلی گئیں مگر ان کی تحریریں اور کاوشیں زندہ ہیں اور رہیں گی ،یہ خوش آئند بات ہے کہ ان کی بڑی ہمشیرہ ثمینہ ناہید جنہوں نے سعدیہ کو جہاد بالقلم کی دعوت دی تھی ،اب وہ اپنی پیاری بہن سعدیہ کے مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں اور وہ رنگ نو کے شاندار پلیٹ فارم سے جڑ چکی ہیں ۔رنگ نو ان کی استقامت کے لیے دعا گو ہے ۔
رنگ نو کے لیے ان کی یاد صرف ایک نام نہیں، ایک احساس ہے؛ ایک ایسی قلم کار کی یاد جس نے بیماری کے اندھیروں میں بھی اپنے اندر کے چراغ کو بجھنے نہیں دیا۔ ’’زندہ کہانیاں‘‘ میں محفوظ ان کے الفاظ اب ان کی زندگی کی سب سے خوب صورت گواہی ہیں۔
اللہ تعالیٰ محترمہ سعدیہ یاسمین کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے اور ان کے اہلِ خانہ، احباب اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون۔
کچھ قلم خاموش ہوجاتے ہیں مگر ان سے نکلے ہوئے لفظ کبھی خاموش نہیں ہوتے۔




































