
لاہور (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد حفاظتی
انتظامات کے پیش نظر صوبے بھر میں مزارات کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پنجاب کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے بھر میں مزارات کو بند کرانے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں چیف سیکریٹری کو فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ مزارات اگلے 3 ہفتے تک بند رہیں گے اور انہیں بندکرنے کا فیصلہ کورونا وائرس سے بچاو کے تناظر میں کیا گیا ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت کے فیصلے کے بعد پاکپتن میں درگاہ بابافرید کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
مینیجر اوقاف دربار بشیر احمد کے مطابق درگاہ کو زائرین سے خالی کروا کرمین گیٹ کو بند کر دیا گیا اور مزار کا نوری دروازہ بھی مقفل کردیا گیا ہے، درگاہ میں داخلہ گیٹ بند کرکے قنات لگا دی گئی،علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو ہیلتھ نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم کیے جائیں گے جو راجن پور، روجھان جمالی، فاضل پور اور جام پور میں بنائے جائیں گے۔





































