
کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کی ضلعی عدالت نے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ضلعی
عدالت نے 2لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے مقامی عدالت نے پولیس کو 25 اگست تک کارروائی سے روک دیا۔
سی ای او کے الیکٹرک نے 12 اگست کو سندھ ہائی کورٹ سے 7 روزہ حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی اور حکم دیا تھا کہ ایک ہفتے میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرلیں۔عدالتی احکامات کے بعد کرنٹ سے ہلاکت کے 2 مقدمات میں کے الیکٹرک کے سی ای او سمیت 4 افسران کو نامزد کیا گیا تھا۔
مقدمہ متوفی فیضان کے چچا فیاض کی مدعیت میں دفعہ قتل بالسبب کے تحت درج کیا گیا۔ متوفی کے چچا نے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس الہٰی سمیت 4 افسران کو نامزد کرایا ہے۔فیضان چند روز قبل ہی مانسہرہ سے کراچی پہنچا تھا جہاں ڈیفنس میں کرنٹ لگنے سے فیضان جاں بحق ہوگیا تھا۔




































