
کراچی( ویب ڈیسک ) سندھ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے پہلے ڈرائیونگ لائسنسنگ فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ جدید ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی فیسلیٹیشن
سینٹر موٹروے پولیس ساؤتھ زون کے ایم نائن پر واقع ڈی آئی جی آفس میں قائم کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈی ایل اے فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن جاوید اکبر ریاض، ستارۂ امتیاز، نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور معروف مصور جمی انجینئر نے بھی خصوصی شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق نئے فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام سے کراچی سمیت سندھ بھر کے شہری جدید اور معیاری ڈرائیونگ لائسنسنگ نظام سے مستفید ہوسکیں گے۔ مرکز میں شفاف، میرٹ پر مبنی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ابتدائی مرحلے میں موٹر سائیکل، کار، جیپ اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (ایل ٹی وی) کیٹیگریز کے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے،ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے فیسلیٹیشن سینٹر میں بینک چالان فیس جمع کرانے کے علاوہ مختلف بینکنگ ایپس، ایزی پیسہ اور جیز کیش کے ذریعے کیو آر کوڈ سے ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ کراچی میں ڈی ایل اے فیسلیٹیشن سینٹر کا قیام شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ موٹروے پولیس کا معیاری ڈرائیونگ لائسنسنگ نظام محفوظ ڈرائیونگ اور ذمہ دارانہ ٹریفک کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔




































