
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے فالس فلیگ
آپریشن سمیت کچھ بھی کر سکتا ہ۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اس وقت ہمہ قسم کی منصوبہ بندیاں کررہا ہے اور کرتا رہے گا کیونکہ انہیں ندامت ہورہی ہے۔اپنی خفت مٹانے کے لیے وہ فالس فلیگ آپریشن سمیت کچھ بھی کرسکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا امریکی کانگریس کے ”ٹام لنٹاس کمیشن“ برائے انسانی حقوق کی مقبوضہ کشمیر پر سماعت سے بھارت /بی جے پی کافی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہ 14 نومبر کو امریکی کانگریس کے”ٹام لنٹاس کمیشن“ برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ کشمیر پر ایک سماعت کی ہے۔ اس سماعت میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے مندوبین /ایکسپرٹس /تجزیہ نگار بھی موجود تھے۔
اس سماعت میں انہوں نے واضح کہا ہے کہ بھارت میں ہندو نیشنلزم تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات کی بندش اور دیگر بندشیں بدستور جاری ہیں انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔ آزادی نقل و حرکت، مذہبی آزادی اور آزادی اظہار رائے سب پر قدغن لگائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک برتا جا رہا ہے، انہیں جبروتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اقلیتیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بن رہی ہیں۔ انہوں نے بابری مسجد پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔




































