
لاہور(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چوہدری برادراور ایم کیو ایم کہیں نہیں جارہے‘ وہ
اتحادی رہیں گے‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی ختم ہو چکی ہے‘ ہماری اپوزیشن صرف مہنگائی ہے جسے عمران خان کی قیادت میں ختم کرینگے‘ کراچی سرکلر ریلوے کامسئلہ سندھ حکومت اور مکینوں کے ساتھ مل بیٹھ کر طے کرینگے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ تیز گام حادثہ کی مزید تحقیقات کیلئے 3 اے جی ایم پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے جو واقعہ کے خدوخال کا جائزہ لے گی۔واقعہ کے ذمہ داروں کو سزائیں دی جائیں گی‘ واقعہ کی کمیٹی کی طرف سے ٹھوس رپورٹ نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کی انکوائری میں ہم نے غیر جانبداری کامظاہرہ کیا ، کمیٹی کی رپورٹ کو روکنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی اس پراثر انداز ہوئے ۔
ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری برادران کے بیانات سے حیرانگی ہو رہی ہے‘آئندہ ہفتے ان سے ملوں گا تاہم وہ کہیں نہیں جارہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ہماری دور کی آڈٹ رپورٹ ابھی تک جمع نہیں ہوئی‘ ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے جو آڈٹ رپورٹ زیر بحث آئی اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ، جب نئی آڈٹ رپورٹ جمع ہو گی تو اس میں ہمیں مورد الزام ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف نے آنا نہیں‘ مریم نواز نے جانا نہیں البتہ شہباز شریف واپس آسکتے ہیں۔
کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا ہے کہ 15 روز میں کے سی آر خالی کرنا آسانا کام نہیں لیکن وزیر اعظم کی بھی یہی ہدایات ہیں کہ عدالت عظمیٰ کو مطمئن کیاجائے۔




































