میرپور ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم مودی کو خبردار کرتے ہو ئے کہا کہ وہ
کسی غلط فہمی میں نہ رہیں اور اگر انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا تو یہ ان کی آخری غلطی ہوگی ، 11 دن میں پاکستان کو فتح کرلوں گا کے مودی کے بیا ن سے لگتا ہے اس نے دنیا کی تاریخ نہیں پڑھی، اس کی ڈگری جعلی تھی ۔
میرپور آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس جلسے کا مقصد کشمیریوں کو ایک پیغام دینا ہے کہ کہ صرف آزاد کشمیر کے عوام نہیں سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لیے بہت اچھا وقت آنے والا ہے، مودی نے تکبر میں 5 اگست کو جو قدم اٹھایا، اس نے تکبر میں وہ غلطی کی جس کے بعد میں اللہ پر ایمان رکھ کر پیشن گوئی کرتا ہوں کہ اب کشمیر آزاد ہوگا، پانچ اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، کوئی کشمیر کا نام نہیں لیتا تھا، پاکستان کے سربراہ بھی اس کا نام نہیں لیتے تھے لیکن ان 6 مہینوں میں آج کشمیر دنیا کے سامنے آگیا، لیکن 5 اگست کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، امریکا اور برطانیہ میں کشمیر کا ایشو اٹھایا گیا، دنیا آج کشمیر کے لوگوں کے حالات جان گئی ہے، یورپی یونین کے 600 ممبران پارلیمنٹ نے کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کیا 6 ماہ میں 3 مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کا ذکر ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پوری کوشش کررہا ہے کہ خطے میں امن ہو، مودی نے ساری انتخابی مہم میں انتہا پسند بیانات دیئے، جب بھی کوئی لیڈر نفرت کی بنیاد پر ووٹ لیتا ہے تو بڑی تباہی ہوتی ہے، نریندرا مودی پاکستان مخالف مہم چلا کر بھاری اکثریت سے الیکشن جیتااس نے الیکشن تو جیت لیا مگر اس نے جو 5اگست والا اقدام اٹھا یا ہے یہ اس کو لے ڈوبے گا ، اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ جب میں کسی قوم کو برباد کرتا ہوںتو ان کی عقل پر پردہ ڈال دیتا ہوں، مودی نے بالاکوٹ میں ہمارے درخت شہید کردیئے، مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے جب ہمارے درختوں کو شہید کیا جائے۔
ہم نے بھارتی طیارہ مار گرایا اور بھارت کا بڑی بڑی مونچھوں والا پائلٹ پکڑ کرواپس کردیا تو مودی نے کہا پاکستان نے ڈر کر پائلٹ واپس کردیا ہے میں مو دی کو بتانا چاہتا ہو ں کہ ہم امن پسند قوم ہے مگر ہما ری امن کو خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جا ئے ۔انہو ں نے کہا کہ جس دن کرفیو اٹھے گا مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کا سمندر نکلے گا اور ایک ہی آواز آئے گی اور وہ آواز آزادی کی ہوگی۔





































