
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) حکومت پاکستان نے جرمنی کے شہر ہناﺅ میں حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں قیمتی
انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اورکئی افراد زخمی ہوگئے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام جرمنی کے ساتھ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک اور ان کے لئے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔ ہم اس اندوہناک واقعے میں ترک شہریوں کے جاں بحق ہونے پرترکی کی حکومت کے ساتھ بھی تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔اسلام اور غیر ملکیوں سے دنیا میں نفرت کے بڑھتے ہوئے رجحان اور نسلی بنیاد پر تعصب کے رویوں میں اضافے پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔ اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر اس اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ پر تشدد انتہاپسندی کا کوئی خاص مذہب، نسل یا شہریت نہیں ہوتی۔ نفرت اور تعصب پر مبنی سوچ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ نفرت پر مبنی جرائم کی وجہ بننے والے محرکات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔پاکستان جرمنی اور دیگر تمام ہم خیال ریاستوں کے ساتھ مل کر اسلام سے نفرت کے رویہ پر قابو پانے اور اس کے تدارک میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دنیا میں بین المذاہب اور مختلف تہذیبوں میں ہم آہنگی فروغ پائے اور دنیا امن و آشتی کا گہوارہ بن سکے۔




































