
لاہور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)شریف برادران کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو
ان کے بیٹے کے ’بلاجواز جملوں‘ پر ’ناراضی‘ کا پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئرر رہنما نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بیان کو پسند نہیں کیا اور پی پی پی کی اعلیٰ قیادت تک اپنی ناراضی کا پیغام پہنچا دیا ہے۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ عمران خان کی طرح مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی ’سیلیکٹڈ‘ (اسٹیبلشمنٹ کے منتخب) وزیراعظم تھے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ قیادت کی جانب سے ’ناراضی‘ کا پیغام پہنچانے کے بعد امید ہے کہ بلاول بھٹو کی جانب سے مزید کوئی ’پھلجڑی‘ نہیں چھوڑی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی قیادت نے ہمیں سختی سے اس پر ردِ عمل نہ دینے کی ہدایت کی ہے کیوں کہ ہمیں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے‘۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کو مستقبل کے بارے میں بات کرنی چاہیے کیوں کہ دوبارہ الزام تراشیوں میں پڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پی پی پی اور دیگر جماعتوں کی تاریخ سب کے سامنے ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر توجہ دے جس نے قیمتوں میں اضافے، مہنگائی، بے روزگاری سے عوام کی زندگی مشکل بنادی ہے اور ایسی کوئی چیز نہ کریں جس سے اپوزیشن کے مقصد کو نقصان پہنچے‘۔مسلم لیگ (ن) کے کچھ اراکین کی رائے ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی میں ان کے قریب کچھ رہنماو¿ں نے مشورہ دیا ہے کہ اگر پنجاب میں پارٹی کو تجدید دینی ہے تو شریفوں پر تنقید کرنی ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع کا کہنا تھا کہ چونکہ اس وقت دونوں جماعتوں کو کسی خاص مقصد یعنی ان ہاو¿س تبدیلی کے لیے تعاون کرنے کی ضرورت نہیں اس لیے بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے توپوں کا رخ عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ مسلم لیگ(ن) کی طرف کردیا۔




































