
لندن ، اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں
قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر عدنان پر حملہ نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے کیا گیا۔ حملے کا انداز بتا رہا ہے کہ یہ منظم اور سوچی سمجھی واردات ہے۔ واقعے کی رپورٹ درج کرادی گئی ۔ امید ہے لندن پولیس اِس واقعے کی تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو سامنے لائے گی۔ شرپسند اس سے پہلے ہماری رہائش گاں پر حملے کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما اور کارکن مشتعل نہ ہوں، ہم قانون کے ذریعے شرپسندعناصر تک پہنچیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسی بزدلانہ وارداتوں سے مسلم لیگ (ن)کی قیادت، رہنماں اور کارکنان کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ڈاکٹر عدنان کی جان حملے میں محفوظ رہی، دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کو جلد صحت یاب فرمائے۔ آمین۔ جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر عدنان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بعد نواز شریف کا معالج بھی ٹارگٹ پر ہے۔ ڈاکٹر عدنان پر قاتلانہ حملے کا مطلب واضح ہے۔




































