
ملتان (ویب ڈیسک )وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے تحمل اور امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے
اور بھارت کو یہ واضح طورپر جان لینا چاہیے کہ اس کی جانب سے کسی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ کوروناوائرس کے مقابلے کے لیے علاقائی تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے اس عالمی وباء کے مقابلے کیلئے وزرائے صحت کی کانفرنس کا اہتمام کیا۔
انہوں نے کہاکہ میں بھارتی حکومت کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ ہمارے تحمل کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھے۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے فون پر بات کی ہے اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا ہے، میں نے اقوام متحدہ کے سربراہ کو بتایا ہے کہ بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے وا لے مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے، انہیں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ میں نے اسلامی کانفرنس تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے بھی بات کی ہے اورانہیں بھارت کے اسلاموفوبیا سے آگاہ کیا ہے اور انہیں بتایا ہے کہ بھارت میں کوروناوائرس کے دوران بھی مسلمانوں کو نشانہ بنایاجارہاہے،اسلامی کانفرنس تنظیم کو اس سلسلے میں اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔





































