
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ
معا شی استحکامکیلئے ایک مربوط پالیسی وضع کی گئی ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان کی حکومت پوری طرح عمل پیراہے
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے جسے مالیاتی مسائل کا سامنا ہے اور مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا اور ایسی صورتحال میں ملکی معیشت پر نقصان دہ اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 ایک عالمی مسئلہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو دنیا نے سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جاری عالمی وباء کے دوران وزیراعظم نے ولولہ انگیز قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اب مکمل لاک ڈاؤن کی کوئی بحث نہیں کیونکہ مہلک وائرس کی ایسی صورتحال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ َ۔19 کے پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالہ سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اتفاق رائے سے فیصلے کئے جا تے ہیں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص اور علاج معالجہ کے لئے ملکی اداروں نے ٹیسٹنگ کٹس تیار کی ہیں اور 4800 وینٹی لیٹرز بھی دستیاب ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کورونا وائرس پر سیاسی پوائنٹ سکورننگ کے لئے سیاست کررہی ہے جو اپنی کرپشن پر این آر او حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی مخلص اور دیانت دار قیادت ان کے عزائم ناکام بنائے گی اور بد عنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔





































