
کراچی (ویب ڈیسک)سندھ حکومت نے مون سون بارشوں کے پیش نظر کراچی کے بڑے نالوں کی فوری صفائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ
سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت مون سون کی تیاری سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، میئر کراچی وسیم اختر، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی، سیکریٹری بلدیات روشن شیخ، سیکریٹری فنانس حسن نقوی، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان اور دیگر شریک ہوئے، جبکہ سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد کے ڈویڑنل کمشنرز اور بلدیاتی نمائندے بذریعہ وڈیو لنک شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں کے ندی نالوں کی صفائی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں کراچی کے بڑے نالوں کی فوری صفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے باعث تیز بارسات کا امکان ہے، تمام نالوں کی صفائی کا کام فوری کیا جائے،واٹر بورڈ نکاسی آب کیلئے انڈر گراؤنڈ سسٹم کو ٹھیک کرے۔ سکشن مشینز، جنریٹرز اور موٹرز کی سروس صفائی کی جائے۔





































