
کراچی (ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیر جمہوری قوتیں ہمارے حقوق پر
ڈاکہ ڈال رہی ہیں، اگر میں عوام کے مسائل پارلیمنٹ میں نہیں اٹھا سکتا تو ہم مجبور ہو کر عوام کے مسائل سڑکوں پر اٹھائیں گے۔
یہ بات انہوں نے سٹی کورٹ میں وکلاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس سے قبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سٹی کورٹ میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے جناح آڈیٹوریم پہنچے جہاں انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو لائرز کلب کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وکلانے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور فلک شگاف نعرے لگا کر بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔
اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آئین و قانون اور جمہوریت کی سربلندی کی تحاریک چلائیں اور وکلاءنے ہمیشہ ہر محاذ پر ہمارا ساتھ دیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو خود بیرسٹر تھے اور اس بار کے ممبر تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا غیر جمہوری قوتیں ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہیں، ہمیں اپنے آئینی حقوق کا تحفظ کرنا پڑے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک پارلیمان ربڑ اسٹمپ اور ہمارا میڈیا سلیکٹڈ میڈیا رہے گا ہم عوام کے مسائل حل نہیں کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا جب میڈیا آزاد تھا تو وہ غریب کی آواز تھا، آج غریبوں اور عام آدمی پر جو ظلم ہورہا ہے میڈیا کو اجازت نہیں کہ وہ دکھا سکے، ہم تاریخی مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں ہمارا سلیکٹڈ میڈیا بتاتا ہے کہ معیشت درست سمت میں چل رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا اگر میں عوام کے مسائل پارلیمنٹ میں نہیں اٹھا سکتا تو ہم مجبور ہو کر عوام کے مسائل سڑکوں پر اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ ہوگا اور 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی یاد میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تاریخی جلسہ کریں گے۔





































