
اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں
کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، کورونا وائرس کی وبا سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اور گہرے دو طرفہ تعلقات موجود ہیں۔برطانیہ، پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور ہم اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے متمنی ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنرنے کہا کہ پاکستان نے جس حکمت عملی سے کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاو¿ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔
وزیر خارجہ نے بھارت کے غیر قانونی تسلط میں جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔ملاقات کے دوران ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کو سراہتے ہوئے، اپنے حالیہ دورہ شمالی علاقہ جات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔





































