
اسلام آباد (ویب ڈیسک):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قیمتوں میں کمی کے
لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، وزیراعظم اقتصادی بہتری کے لئے اقدامات نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، ماضی کے معاہدوں کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے لیکن ہم اس چلنجز کا مقابلہ کریں گے، جنہیں نیب سے چھٹکارا نہیں مل سکا انہوں نے دوسرا راستہ اختیار کیا، حکومت نے معاشی بہتری کے لئے بہت مشکل فیصلے کئے، بہتری میں وقت لگے گا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یہاں وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی مخدوم سیّد فخر امام اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں استحکام لانا حکومت کا فرض ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپنے فرائض سے غافل نہیں، ایک طبقہ ڈیمانڈ اور سپلائی میں تفاوت سے ناجائز فائدہ اٹھاتا ہے، گندم کیلئے ڈیمانڈ اور سپلائی کے فرق کو سامنے رکھتے ہوئے امپورٹ کرنے کا درست فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ عوام چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب تکلیف میں ہیں، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو میرا پیغام یہ ہے کہ حکومت آپ کو ایسا ہرگز نہیں کرنے دے گی، قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے کل وزیراعظم نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کے ساتھ میٹنگ کی اور اس حوالہ سے اہم فیصلے کئے گئے جس میں روزانہ کی بنیاد پر پیداوار کے حجم میں اضافہ شامل ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اپنے ان کارکنان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مارکیٹ کی اصلی صورتحال سے ہمیں آگاہ کیا، ذخیرہ اندوزوں کی بیخ کنی کیلئے صوبائی حکومتوں کا کردار نہایت اہم ہے، ذخیرہ اندوزوں کو چیک کرنا، نرخنامہ پر عملدرآمد کرانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت ساری صورتحال سے آگاہ ہے اور قیمتوں کے استحکام کیلئے ہم ہر قسم کے عملی اقدامات کریں گے۔





































