
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ،فوٹو فائل )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے
کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ جب تک بھارت 5 اگست 2019 کے اقدامات پر نظرثانی نہیں کرتا تعلقات معمول پر لانا ممکن نہیں۔ وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کا فیصلہ بھی موخر کردیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہاکہ کابینہ نے بھارتی چینی اور کپاس درآمد کرنے کے ای سی سی فیصلے کی توثیق نہیں کی ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا تاثر پیدا ہورہا تھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر آرہے ہیں کابینہ میں بھارت کے ساتھ تجارت کی بحالی کے تاثر پر تفصیلی غور کیاگیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سفارش پر غور کیا گیا جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے سستی چینی منگوانے کی سفارش کی تھی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سمری کو مسترد کردیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اراکین کا کہنا تھا کہ بھارت سے تعلقات کے حوالے سے جو مسائل ہیں ایسے میں بھارت سے یہ چیزیں منگوانا کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے سمری مسترد کیے جانے کے بعد وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مناسب داموں پر دیگر ممالک سے چینی اور کپاس کی درآمد کے لیے کوششیں تیز کی جائیں،وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ آج کابینہ نے واضح طور پر بھارت سے تجارت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات واپس لیے جانے تک اس سے تعلقات بحال نہیں ہوں گے۔




































