
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جان کو
پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں وہ آناچاہیں تو24 گھنٹے میں پاکستان واپس آنے کیلئے ڈاکو منٹس فراہم کریں گے ۔ مریم کے باہر جانے کی کوئی درخواست نہیں آئی تاہم عمران خان مریم نواز کو باہر بجھوانے کی نواز شریف والی غلطی کبھی نہیں کریں گے۔پی ڈی ایم عملاً ختم ہوچکی ہے اس کی ٹائیں ٹائیں فش ہوگیا ہے لانگ مارچ کھڈے لائن لگ گیا ہے۔ پی ڈی ایم کی پھوٹ میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں۔ اب لانگ نہیں لونگ مارچ ہوگا۔ 11جماعتیں تھی ہی ڈھائی جماعتیں، ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مولانا نے آزادی مارچ کیا تو خوارہوگیا تھا وزیراعظم نے میٹنگ میں کہا اپوزیشن کو منہ نہ لگائیں ان کو ان کے حال پر چھوڑ دیں مسلم لیگ ن میں دو گروپ ہیں ایک انتہا پسندی کا ہے جس میں مریم اورنواز شریف کے ساتھ چل رہا دوسرا مائلڈ گروپ جس میں نیا مائلڈ سافٹ ویئر ہے جو جوڈو کراٹے پر یقین نہیں رکھتا بلکہ مذاکرات اور گفتگو پر یقین رکھتا ہے وہ حمزہ اور شہباز شریف کا ہے اس کے ساتھ بھی لیگی ایم این ایز ہیں مائل سافٹ ویئر گروپ وہ زبان استعمال نہیںکرے گا جو مریم اور نواز شریف استعمال کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ پہلی بات تو یہ ہے کہ لانگ مارچ نہیں ہوگا اگرہوا بھی تو عمومی قسم کا ہی ہوگا۔ وزیراعظم بھی اپوزیشن کی صورتحال سے خوش ہیں اسمبلیاں چل پڑی ہیں یہی وہ چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم مریم نواز کو باہربجھوانے کی غلطی دوبارہ نہیں دہرائیں گے جو نواز شریف کو بجھوا کر کی۔ نواز شریف کو یہاں کوئی خطرہ نہیں ہیں اسٹام لکھ کر تو نہیں دے سکتا کہ کس کی جان کو خطرہ ہے اور کس کی جان کو نہیں۔ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔




































