
اسلام آباد(ویب ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشترکہ عقیدے اور ثقافت کی وجہ سے پاکستانی عوام کا
عرب ممالک کے عوام کے ساتھ قدرتی لگا وہے،دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے چیلنجز پر قریبی تعاون کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے ۔
وہ پیر کو عرب پارلیمنٹ کے صدر، عادل بن عبدالرحمن العسومی سے گفتگو کررہے تھے،جنھوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو میں صدر نے کہا کہ سلامی ممالک اسلاموفوبیا کے حوالے سے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں ،دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے چیلنجز پر قریبی تعاون کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان مشرق وسطی کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے،بھارت شہریت کے قانون کے ذریعے کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کررہا ہے، صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کا خواہاں ہے۔
صدر عرب پارلیمنٹ نے کہاکہ پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک ، امت مسلمہ کے مقاصد کے حصول میں تاریخی کردار ادا کیا ،اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالم اسلام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے، عرب پارلیمنٹ نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔




































