
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر امریکی حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان
کا کہنا تھا کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم اس دعوے پر وینزویلا کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
وینزویلا کے نائب صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اگر یہ دعوے درست ہیں تو دونوں شخصیات کے زندہ ہونے کے شواہد پیش کیے جائیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف شہروں میں امریکی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جن کی بعد ازاں وینزویلا کی حکومت نے بھی تصدیق کر دی تھی۔
حکومتی بیان کے مطابق امریکی حملے کاراکاس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں کیے گئے۔ وینزویلا کی حکومت نے الزام عائد کیا کہ ان حملوں کا مقصد ملک کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے، تاہم بیان میں کہا گیا کہ امریکا اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا،وینزویلا کی حکومت نے امریکی فوجی جارحیت کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، حکام کے مطابق ریاستی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





































