
اسلام آباد:اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کےرہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے انکشاف کیا ہے کہ وہ عمران خان کی آخری ہدایت پر پی ٹی آئی
اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں،بیرسٹر سیف کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں کی رہائی ممکن ہو اور اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جنہیں وہ صرف اپنے قائد اور پارٹی کے مفاد میں استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے ان کی آخری ملاقات گزشتہ سال 4 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی تھی۔ اگرچہ پی ٹی آئی کے اندر مختلف آرا پائی جاتی ہیں اور بعض حلقے سخت مؤقف جبکہ کچھ مفاہمت کی حمایت کرتے ہیں، بیرسٹر سیف ان رہنماؤں میں شامل ہیں جو محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور مصالحت کو ترجیح دیتے ہیں۔
گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے واضح کیا تھا کہ پی ٹی آئی اور دفاعی اداروں کے درمیان کشیدگی نہ تو ملک اور نہ ہی قوم کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا دیرپا حل مذاکرات، تحمل اور سیاسی بصیرت میں پوشیدہ ہے، جبکہ مسلسل تنقید اور تصادم صورتحال کو مزید الجھا رہا ہے۔
بیرسٹر سیف زور دیا کہ موجودہ سیاسی اور معاشی حالات میں اتحاد، اتفاقِ رائے اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، بیرسٹر سیف کے مطابق سڑکوں پر محاذ آرائی اور نفرت انگیز بیانیے سے صرف پاکستان کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ مفاہمت اور تعاون ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا مؤثر راستہ ہے۔





































