
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورننس مکمل طور پر ناکام
ہوچکی ہے اور صوبائی حکومت کے پاس بہتری کے لیے کوئی واضح روڈ میپ موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ صوبے کے مسائل حل کرنے کے بجائے دیگر صوبوں کے دوروں میں مصروف ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر شدید تنقید کی اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر کالعدم ٹی ٹی پی کی سہولت کاری کے الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت خواتین پر تنقید تو کرتی ہےمگر ٹی ٹی پی کی مذمت کے لیے دو الفاظ بولنے سے بھی گریزاں ہے، ان کا دعویٰ تھا کہ پی ٹی آئی، ٹی ٹی پی کا سیاسی چہرہ بن چکی ہے، اسی لیے اس کے ترجمان دہشت گرد تنظیم کے خلاف بات کرنے سے گھبراتے ہیں۔
وفاقی وزیر عطا تارڑنے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جرائم پر قابو نہیں پایا جا رہا جبکہ تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبے شدید زبوں حالی کا شکار ہیں لیکن صوبائی حکومت جلسوں اور جلوسوں کے لیے لاہور اور کراچی کا رخ کر رہی ہے۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں اور دنیا کے ممالک پاکستان کے لیے ریڈ کارپٹ کے بجائے پرپل کارپٹ بچھا رہے ہیں، جو عالمی سطح پر ملک کی عزت اور اعتماد کا مظہر ہے۔





































