
واشنگٹن( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بہترین کام کر رہے ہیں،
تاہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا ان کی ترجیح نہیں ہے۔
ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسٹیو وٹکوف ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے کام کر رہے ہیں اور وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ معاہدہ وہ چیز نہیں جسے وہ ترجیح دیتے ہیں، تاہم ایران جنگ بندی کے لیے امریکا کو کچھ بھی دینے پر آمادہ ہے۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے پاس ایک بھی جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اسٹیو وٹکوف کو ایک بہترین مذاکرات کار قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے کچھ غیر معمولی کام انجام دیے ہیں۔
امریکی صدر نے ایران کو ایک ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم ہو جائے گی اور یہ بہت جلد ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ ہونا ضروری ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے پینٹاگون سے ایرانی اہداف پر حملوں کے مختلف آپشنز تیار کرنے کو کہا ہے، جنہیں 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔




































