
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہوم انٹرنیشنل میچز کے نشریاتی حقوق سرکاری ٹیلی ویژن نے 35 کروڑ روپے میں حاصل کرلیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے نشریاتی حقوق کے لیے کم از کم قیمت 60 کروڑ روپے مقرر کی تھی، تاہم بولی کے عمل میں صرف سرکاری ٹیلی ویژن نے حصہ لیاجس کے بعد حقوق 35 کروڑ روپے میں دے دیے گئے۔
کرکٹ حلقوں کی جانب سے اس پیش رفت کو پی سی بی کے لیے مالی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نجی براڈکاسٹرز پہلے ہی پی سی بی کے واجب الادا رقوم سے متعلق تنازعات کا سامنا کر رہے ہیں جس کے باعث انہوں نے حالیہ بولی کے عمل میں دلچسپی نہیں لی۔
قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور شائقین کی کم ہوتی دلچسپی بھی نجی کمپنیوں کی جانب سے نشریاتی حقوق میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی ایک وجہ بتائی جا رہی ہے،اس مرتبہ پی سی بی نے کنسورشیم بنانے کی اجازت بھی نہیں دی، جس کے باعث بولی کے عمل میں مسابقت محدود رہی۔
معاہدے کے تحت مجموعی طور پر 25 میچز شامل ہیں، جن میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل مقابلے شامل ہیں، ان میچز میں سری لنکا، انگلینڈ، زمبابوے، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول سیریز بھی شامل ہیں جو آئندہ چند ماہ کے دوران ملک کے مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں کھیلی جائیں گی۔
دوسری جانب بین الاقوامی کرکٹ شیڈول میں بعض تبدیلیوں کے امکانات بھی سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کمرشل وجوہات کی بنا پر زمبابوے نے ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت سے انکار کردیا ہے، جبکہ آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں تاہم پی سی بی نے ان اطلاعات کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
آئندہ چند ماہ کے دوران ہونے والی یہ ہوم سیریز پی سی بی کے لیے مالی اعتبار سے اہم قرار دی جارہی ہیں، تاہم نشریاتی حقوق کی توقع سے کم قیمت میں فروخت نے بورڈ کے مالی معاملات سے متعلق مزید سوالات پیدا کردیے ہیں۔

































