
بنت اسماعیل
استاد محض وہ شخص نہیں جو کتاب کے صفحات پڑھ کر سنا دے، استاد تو وہ ہستی ہے جو انسان کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو دریافت کرکے انہیں جِلا
بخشتی ہے۔ وہ شخصیت کے ان گوشوں تک رسائی حاصل کرتا ہے جہاں اکثر والدین کی نگاہ نہیں پہنچ پاتی۔ وہ پتھر میں چھپے ہوئے ہیرے کو پہچان لیتا ہے، پھر اپنی محنت، شفقت، تربیت اور علم سے اسے انمول بنا دیتا ہے۔
استاد صرف ذہن کو معلومات سے نہیں بھرتا بلکہ دل میں احساس، فکر میں وسعت، کردار میں پختگی اور عمل میں ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔ وہ اپنے شاگرد کو یہ سکھاتا ہے کہ کامیابی صرف بلند عہدے، دولت یا شہرت کا نام نہیں، اصل کامیابی ایک اچھا انسان بننے میں ہے۔
استاد شاگرد کے ہاتھ میں صرف قلم نہیں دیتا بلکہ اسے صحیح استعمال کا شعور بھی دیتا ہے۔ استاد ایک ایسا چراغ ہے جو خود جل کر پورے معاشرے کو روشن کرتا ہے۔ وہ اپنی زندگی کے قیمتی سال دوسروں کے مستقبل کی تعمیر میں صرف کر دیتا ہے،اس کی کامیابی اس وقت مکمل ہوتی ہے، جب اس کا شاگرد اس سے آگے بڑھ جاتا ہے۔ شاید یہی استاد کی عظمت کی سب سے خوبصورت علامت ہے کہ وہ اپنے شاگرد کی کامیابی پر فخر کرتا ہے، خواہ دنیا اس کامیابی میں اس کا نام بھول جائے۔
استاد صرف کلاس روم کی چار دیواری تک محدود نہیں ہوتا بلکہ وہ معاشرے کے اخلاقی مزاج کا نگہبان اور آنے والی نسلوں کے کردار کا خاموش معمار ہوتا ہے۔ ایک اچھا استاد اپنے شاگرد کی زندگی میں وہ نشان چھوڑ جاتا ہے جو وقت کی گرد بھی مٹا نہیں سکتی۔
بہترین استاد وہ ہے جو نہ صرف ایک فرد کی تربیت کرتا ہے بلکہ ایک پوری نسل کی تشکیل کرتا ہے۔ اس کے الفاظ کسی کے دل میں امید جگاتے ہیں، اس کی راہنمائی کسی زندگی کا رخ بدل دیتی ہے اور اس کی محنت آنے والی نسلوں کے کردار میں اپنا عکس چھوڑ جاتی ہے۔ استاد کی شفقت میں باپ جیسا سایہ، اس کی تربیت میں ماں جیسی محبت اور اس کی راہنمائی میں ایک مخلص دوست کی خیرخواہی پوشیدہ ہوتی ہے۔
مگر افسوس! آج کے معاشرے میں استاد کی قدر و عظمت کو بے وقعت کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی ادارے، جو کبھی علم، ادب، تربیت اور کردار سازی کے مقدس مراکز سمجھے جاتے تھے، آج مختلف مصلحتوں کی زد میں آتے جا رہے ہیں۔ بعض اوقات والدین کی ناراضگی کے خوف سے استاد کی جائز بات تک نظرانداز کر دی جاتی ہے، کیونکہ اندیشہ ہوتا ہے کہ کہیں والدین اپنے بچوں کو تعلیمی اداروں سے دور نہ کر لیں۔ یوں استاد کی گرفت کمزور اور شاگرد کی تربیت کا عمل متاثر ہوتا چلا جا رہا ہے۔
سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ تعلیم کا مقصد علم، شعور اور کردار سازی کی بجائے صرف اور صرف کمانے کا ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔ ڈگری منزل بن گئی ہے، حصول علم کا مقصد صرف اچھی ملازمت حاصل کرنا بن گیا ہے،کردار ثانوی حیثیت اختیار کر گیا ہے حالانکہ تعلیم کا اصل مقصد صرف روزگار حاصل کرنا نہیں، بلکہ ایک ایسا انسان تیار کرنا ہے جو اپنے رب کو پہچانے، اپنے فرائض کو سمجھے، اپنے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے حقوق ادا کرے اور اپنے علم کو انسانیت کی بھلائی کے لئے استعمال کرے۔
یاد رکھنا چاہیے کہ استاد صرف سبق نہیں پڑھاتا، وہ مستقبل لکھتا ہے۔ وہ قوم کے معماروں کی تربیت کرتا ہے۔ اگر ہم استاد کا احترام کھو دیں گے تو درحقیقت ہم اپنی آنے والی نسلوں کے علم اور مستقبل کو کمزور کر دیں گے۔آخر کار آنے والی نسلیں ہم سے یہ نہیں پوچھیں گی کہ ہم نے انہیں کتنی ڈگریاں دیں بلکہ یہ پوچھیں گی کہ ہم نے انہیں کیسا انسان بنایا اور اس سوال کا جواب آج ہمارے تعلیمی رویوں، ہمارے اساتذہ کے احترام اور ہماری تربیت میں لکھا جا رہا ہے۔
آئیے! استاد کو وہ مقام واپس دیں جس کا وہ حق دار ہے، تعلیمی اداروں کے تقدس کو بحال کریں، علم کو صرف روزگار نہیں بلکہ کردار سازی کا ذریعہ بنائیں اور اپنے بچوں کو یہ سکھائیں کہ استاد کا احترام دراصل علم کا احترام ہے، اور علم کا احترام ایک مہذب اور باشعور معاشرے کی پہچان ہے۔


































