
کراچی( تعلیم ڈیسک )کراچی میٹرک بورڈ نےسالانہ امتحانات سال 2023 ایس ایس سی پارٹ ون (جماعت نہم)سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور
پرائیویٹ کی مارکس شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ۔
بورڈ سے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان 10 جنوری سے دیئے گئے شیڈول کے مطابق اپنے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ آفس کی پہلی منزل بلاک B کانفرنس ہال سے صبح 9:30 بجے سے شام 4:00بجے تک اورہفتے کے روز صبح10:00بجے سے سہ پہر2:00بجے تک مارکس شیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں ایسے طلباءو طالبات جو اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ اسکروٹنی فارم10جنوری سے 9فروری 2024تک بورڈ سے ملحقہ بینکوں نیشنل بینک، یونائیٹڈ بینک، عسکری بینک یا بورڈآفس بوتھ سے فارم حاصل کرنے کے بعدانہی بینکوں میں جمع کراسکتے ہیں۔
بورڈ سے الحاق شدہ تمام اسکول اور گورنمنٹ اسکول کے ماتحت آنے والے اسکولوں کے سربراہان یا ان کے بااختیار نمائندے مارکس شیٹس حاصل کرنے کیلئے ہیڈ ماسٹر،مسٹریس کی دستخطی مہر اور اتھارٹی لیٹر اپنے ساتھ لازمی لے کر آئیں۔ اس کے بغیر ان کو مارکس شیٹس جاری نہیں کی جائیں گی۔
شیڈول کے مطابق بدھ10جنوری کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، جمعرات 11جنوری کو جمشید ٹاﺅن، گلشن اقبال،شاہ فیصل، جمعہ12جنوری کو لانڈھی، کورنگی، ملیر، بن قاسم اورہفتہ 13 جنوری کوصدر، لیاری، کیماڑی، سائٹ، اورنگی ٹاﺅن،بلدیہ ٹاﺅن، گڈاپ کی مارکس شیٹس حاصل کر سکیں گے، جبکہ تمام پرائیویٹ امیدواروں کی مارکس شیٹس ان کے دیئے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کی گئی ہیں۔





































